0
Wednesday 22 May 2024 21:25

فارم 47 پر قائم حکومت عوامی رائے سے خوفزدہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی

فارم 47 پر قائم حکومت عوامی رائے سے خوفزدہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ کی حامل نام نہاد جمہوری حکومت کے دور میں آزادی اظہار کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے۔ حکومت عوامی رائے سے خوفزدہ ہے۔ یہ بات انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند، جنرل سیکریٹری بنارس خان اور دیگر صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کی تالہ بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کی حامل نام نہاد جمہوری حکومت کے دور میں آزادی اظہار کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے۔ فارم 47 اور جعلی مینڈیٹ پر قائم حکومت عوام اور عوامی رائے سے خوفزدہ ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے صحافی برادری سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزادی اظہار اور آئین و قانون کی بالادستی کی علمبردار ہے۔ آئین و قانون کی حکمرانی کی جدوجہد میں ایم ڈبلیو ایم صف اول کا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کے مظلوم طبقات کی آواز ہے۔ مگر حکومت عوام کی آواز اور عوامی رائے سے خوفزدہ ہے۔ اسی لئے سوشل میڈٰیا اور میڈیا پر پابندی لگانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لایا جائے والا ہتک عزت قانون پاکستان میں آزادی اظہارِ رائے کے آئینی حق کے خلاف ہے اور اس قانون کو لوگوں کی آواز بند کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ بل اظہار رائے اور اختلاف رائے کی آزادی کے لئے بہت بڑا دھچکا ہوگا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماء محمد یاسین ہزارہ، صدر وحدت یوتھ کوئثہ ڈویژن حیدر علی ہزارہ، مولانا نور حسین اندرزگو، سرور حسین، نور علی ہزارہ اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 1136851
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش