0
Thursday 23 May 2024 09:33

یاسین ملک کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، راجہ نجابت

یاسین ملک کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، راجہ نجابت
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ برطانیہ اور یورپ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹیز ممتاز کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک کے ساتھ ایک ملاقات میں کہی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں قائم کل جماعتی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر کی چیئرپرسن ڈیبی ابراھم نے جہاں برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث کروائی، پیٹیشن داخل کروائی اور گروپ کے اجلاس بلوائے، وہیں برطانوی نائب وزیر خارجہ لارڈ طارق احمد سے ملاقات کر کے محمد یاسین ملک کے کیس پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ محمد یاسین ملک اور دیگر کشمیری سیاسی راہنمائوں کی رہائی کے لئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ راجہ نجابت حسین نے مشعال حسین ملک کو دعوت دی کہ وہ برطانیہ تشریف لائیں اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں وہاں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کریں اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات اور مظاہروں کی بھی قیادت کریں تاکہ محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے جاری کوششوں کو مذید تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے مشعال حسین ملک کو برطانیہ میں بسنے والے کشمیریوں کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جموں و تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے محمد یاسین ملک کی رہائی کے لئے ماضی میں بھی کردار ادا کیا اور آئندہ بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ سرینگر کے بعد اگر سب سے زیادہ مسئلہ کشمیر کہیں اجاگر کیا جا رہا ہے تو وہ برطانیہ ہے جہاں کشمیری کمیونٹی روزانہ کی بنیاد پر مختلف تقریبات اور پروگرام منعقد کر کے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کی سنگینی کی طرف مبذول کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے ہر بین الاقوامی فورم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1136962
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش