0
Thursday 23 May 2024 14:59

صحابہ اور اہل بیت کی گستاخی کرنے والے عناصر کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اہل سنت پاکستان کا اعلان

صحابہ اور اہل بیت کی گستاخی کرنے والے عناصر کا اہل سنت سے کوئی تعلق نہیں، جماعت اہل سنت پاکستان کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کے ججوں نے چھ فروری کا متنازعہ فیصلہ دے کر اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے، ان خیالات کا اظہار جماعت اہل سنت پاکستان کی مرکزی انتظامیہ اور سنی سپریم کونسل کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ جماعت اہل سنت پاکستان کے زیراہتمام انعقاد پذیر اجلاس مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی کی صدارت میں ہوا جبکہ اس میں مرکزی چیف آرگنائزر احسان الحق فریدی، مرکزی نائب ناظم اعلی اول پروفیسر ڈاکٹر حمزہ مصطفائی، پنجاب کے صوبائی امیر پیر سید خلیل الرحمن شاہ بخاری، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ، میاں آصف محمود، جماعت اہل سنت پاکستان کے مرکزی ناظم اطلاعات و نشریات پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری، جماعت اہل سنت پاکستان صوبہ پنجاب کے ناظم اعلی علامہ فاروق خان سعیدی، جماعت اہل سنت پاکستان صوبہ سندھ کے ناظم اعلی مولانا محمد اکرم سعیدی، پیر غلام قطب الدین چشتی، قاضی محمد بشیر گولڑوی، مولانا ارشد علی بلوچ، قاری سلیم اشرف کے علاوہ اراکین سنی سپریم کونسل اور مرکزی انتظامیہ نے شرکت کی۔

 اجلاس میں سنی سپریم کونسل کے اراکین اور ماہرین قانون نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے جج نے قانون اور آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہوتا ہے لہذا وہ کوئی فیصلہ آئین کے خلاف نہیں دے سکتا لیکن چھ فروری کا متنازعہ فیصلہ آئینی تقاضوں سے متصادم ہے، لہذا سپریم کورٹ کے جج صاحبان نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام سیاسی مقدمات کو یومیہ بنیادوں پر زیر سماعت لایا جاتا ہے لیکن یہ مقدمہ تاجدار ختم نبوت سید المرسلین حضرت محمد مصطفی (ص) کی ختم نبوت کے تحفظ سے متعلق ہے لہذا اس کی اہمیت اور ترجیح تمام سیاسی مقدمات سے بھی زیادہ ہے، لہذا وہ عناصر جو اس مقدمے کو تاخیر کا شکار کرنا چاہتے ہیں وہ دراصل اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب ہو رہے ہیں، چنانچہ غلامان مصطفی (ص) کو سپریم جوڈیشل کونسل کا دروازہ کھٹکھٹا کر ایسے عناصر اور ججوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی درخواست کرنا ہوگی۔ جماعت اہل سنت کے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ میں اس بابت ایک درخواست جمع کرائی جائے گی کہ زیر التوا اپیلوں کا فیصلہ جلد از جلد اور میرٹ پر کیا جائے۔

 اجلاس میں اتحاد اہل سنت کیلئے مرکزی امیر علامہ سید مظہر سعید کاظمی کی زیرصدارت ایک کمیٹی قائم کی گئی جو اہل سنت کی تمام مذہبی، دینی اور سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کرے گی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا گیا کہ خلفائے راشدین سمیت تمام صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کی شان اقدس میں گستاخی کے مرتکب عناصر کا اہل سنت سے ہرگز کوئی تعلق نہیں، ہم اپنے اکابر کے عقیدہ پر قائم ہیں اور اس میں انحراف برداشت نہیں کریں گے۔ اجلاس میں عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ ان گمراہ اور بدباطن عناصر کا ہر سطح پر بائیکاٹ کریں اس سلسلے میں حکومت سے بھی پر زور مطالبہ کیا گیا کہ ان اکابرین اسلام کی شان میں گستاخی کے مرتکب عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے، اس سلسلے میں آئینی اداروں کو متحرک کرتے ہوئے سائبر کرائم ایکٹ کو مزید موثر بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1137022
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش