0
Thursday 23 May 2024 16:11

شہید ابراہیم رئیسی نے اپنے کردار و گفتار سے مقاومتی بلاک کی حمایت کی، بشار الاسد

شہید ابراہیم رئیسی نے اپنے کردار و گفتار سے مقاومتی بلاک کی حمایت کی، بشار الاسد
اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر "بشار الاسد" نے آج صبح قائم مقام ایرانی صدر "محمد مخبر" سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ اس موقع پر بشار الاسد نے ایرانی حکومت و عوام سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے "شہید قاسم سلیمانی" کی طرح شہید ابراہیم رئیسی بھی سحر آمیز شخصیت تھے۔ اُن کی یاد اور نام ہمیشہ شامی عوام کے دلوں میں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایرانی حکومت، عوام اور رہبر معظم کے سامنے اپنے دکھ کا اظہار کرتا ہوں۔ شہید ابراہیم رئیسی علاقے اور خطے میں اہم شخصیت تھے۔ استقامتی محاذ کسی طور بھی ان کی حمایت کو نہیں بھولے گا۔ شامی صدر نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی ہمیشہ ظالم کے خلاف کھڑے رہے، نیز فلسطینی عوام نے بھی اس موضوع کو شہید کے آخری دنوں میں بخوبی جانچا۔ انہوں نے اپنے کردار و گفتار سے استقامتی مرکز اور فلسطین کاز کی حمایت کی جو کہ دنیا کے لئے ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی عوام شہید ابراہیم رئیسی اور ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کو جنرل قاسم سلیمانی کی طرح جبر و ون ورلڈ آرڈر مخالف اور خطے و دنیا کے مظلوموں کا ساتھ دینے والا سمجھتے ہیں۔ اسی لئے رہتی دنیا تک ہمارے ملک میں ان کا احترام باقی رہے گا۔

بشار الاسد نے کہا کہ ہم نے اپنے ملک میں اس وجہ سے بھی عوامی سوگ کا اعلان کیا ہے تا کہ آپ کے غم میں شریک ہو سکیں۔ شام کے صدر نے کہا کہ میں بہت مشتاق تھا کہ اِن دنوں ایرانی عوام کے ساتھ ہوتا اور رہبر مسلمین جہاں سے ملتا، انہیں تعزیت پیش کرتا۔ لہٰذا پہلی فرصت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت اور اظہار تعزیت کے لئے ایران آوں گا۔ دوسری جانب قائم مقام ایرانی صدر "محمد مخبر" نے شام کی جانب سے ملک میں عمومی سوگ کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے گزشتہ روز ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی آخری رسومات میں شامی وفد کی شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ محمد مخبر نے کہا کہ شام ہمارا اسٹریٹجک پارٹنر اور قدیمی دوست ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں آپ کا تعزیتی پیغام اور آپ کے حکومتی نمائندوں کی شرکت ہمارے لئے باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ابراہیم رئیسی کی شخصیت مہربان، ہردلعزیز اور عوامی تھی۔ ہم نے دو مسحور کن شخصیات کو اپنے ہاتھوں سے کھو دیا کہ جو ہمارا بہت بڑا نقصان ہے۔ دنیا نے ان شخصیات کی رسومات میں کثیر عوامی شرکت سے اس بات کا اندازہ لگایا ہے۔ انہوں نے اس غم انگیز موقع پر ایرانی حکومت و عوام کے درمیان ہم آہنگی کا ذکر کیا۔

محمد مخبر نے کہا کہ ایران میں داخلی استحکام اور عوامی یکجہتی بے مثال ہے۔ اس بات کا مشاہدہ "آپریشن وعدہ صادق" اور آج اپنے شہید صدر کی غیر موجودگی میں کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے تمام ادارے پہلے کی طرح اپنی ذمے داریاں ادا کر رہے ہیں جو مستحکم ایران اور رہبر معظم کی بابصیرت قیادت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ آخر میں محمد مخبر نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح مقاومت مرکز بالخصوص خودمختار شام کی ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔ نیز ہم تہران میں آپ کے منتظر رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1137036
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش