0
Friday 24 May 2024 09:12

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کی ایرانی قونصلیٹ آمد، اظہار تعزیت کیا

آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر کی ایرانی قونصلیٹ آمد، اظہار تعزیت کیا
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف کی وفد کے ہمراہ ایرانی قونصلیٹ آمد، ایرانی صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران، سینئر رہنما افسر رضا، حسنین جعفر زیدی، مرکزی جنرل سیکرٹری آئی ایس او پاکستان معمر نقوی بھی شامل تھے۔ اس موقع پر یادگار کے طور پر کتاب پر تعزیتی کلمات لکھے اور شہید کی تصویر بطور تحفہ پیش کی۔

اس پر مرکزی صدر حسن عارف کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے محبوب، مجاہد، انتھک اور محنتی صدر خادم امام رضا علیہ السلام، امت مسلمہ کے عظیم و شجاع لیڈر، مظلومین جہان کے حقیقی حامی أیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ مجاہد اسلام جناب امیر عبداللہیان، نمائندہ ولی فقہی و امام جمعہ تبریز عالم باعمل و مجاہد آیت اللہ سید محمد علی آل ہاشم کی شہادت نے تمام عالم اسلام کے غیور مسلمانوں کے قلوب کو مجروح کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا عالم اسلام غم و اندوہ میں ڈوبا ہوا ہے۔ ہم یہ جانتے ہیں کہ بلندیوں، رفعتوں اور کامیابیوں کا راستہ مشکل اور کٹھن راستہ ہے، جس پر چل کر ہی معراج انسانیت پر فائز ہوا جا سکتا ہے۔ ملت غیور ایران نے یہ سفر طے کرنے میں اسی طرح کی بہت ساری تلخیوں اور مشکلات کو برداشت کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آیت اللہ رئیسی جیسی مخلص اور عوامی قیادت کا فقدان ملت اسلامیہ کیلئے ایک بہت بڑا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ہم اس عظیم سانحہ پر اس عظیم قوم کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1137054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش