0
Friday 24 May 2024 18:35

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی گورنر بلوچستان سے ملاقات

کوئٹہ، مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی گورنر بلوچستان سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ذاکر حسین درانی، ضلع کوئٹہ سٹی جنرل سیکرٹری حاجی غلام حسین اخلاقی، نائب صدر ماسٹر یونس، ضلع ہزارہ ٹاؤن کے آغا ضیاء اور مولانا نور حسین اندرزگو شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ نصاب تعلیم کے حوالے سے پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو شدید تحفظات ہیں درسی کتب سے متنازعہ مواد ہٹا کر اسے اتحاد بین المسلمین وحدت و اخوت اور حب الوطنی کا مظہر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 1975 کے نصاب تعلیم پر تمام مکاتب فکر کا اتفاق ہے۔ متنازعہ نصاب تعلیم کی جگہ پر 1975 کا نصاب تعلیم نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ محرم اور صفر میں زائرین کربلا اور مقدس مقامات کی زیارت کے لئے جاتے ہیں۔ ویزا اور کانوائے میں تاخیر کے سبب زائرین کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ زائرین ایک ایک ہفتے کوئٹہ میں پریشان رہتے ہیں، لہٰذا اس سال زائرین کے لئے بروقت کانوائی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے صحبت پور میں جلوس چہلم شہدائے کربلا کے روایتی جلوس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چہلم کے جلوس کے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے پرمیشن دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر کی جائے چوری ڈاکے کی وارداتوں پر قابو پانا ضروری ہے۔ خصوصاً ہزارہ ٹاؤن اور کرخسہ میں بدامنی کے واقعات پر تشویش ہے مجرموں کا تعاقب کر کے عوام کو پر امن ماحول دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے بیوپاری نوجوان نسل کو برباد کر رہے ہیں جبکہ پولیس اور ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ منشیات کے بیوپاریوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قیام امن اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے حکومت اور انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ زائرین کے مسائل و دیگر مسائل کے حل کے لئے متعلقہ ذمہ داران سے بات کروں گا۔ امن و امان کا قیام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ امن ہی ملکی تعمیر و ترقی کا ضامن ہے۔ زائرین کے مسائل حل کریں گے۔  انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جن اہم معاشرتی مسائل کی آپ نے نشاندہی کی ہے ان پر اقدام ہوگا۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر شیخ جعفر مندوخیل کو مولانا عبدالحق بلوچ کی کتاب تاریخ بلوچ اور کتاب ذبح عظیم کا تحفہ پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 1137264
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش