0
Saturday 25 May 2024 07:33

آزاد کشمیر میں افواج پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

آزاد کشمیر میں افواج پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے آزاد کشمیر بھر میں ‎افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے درجنوں استحکام پاکستان ریلیاں نکالی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے دارالحکومت مظفرآباد میں چھتر سے دربار سہیلی سرکار جبکہ میرپور اور پونچھ ڈویژن میں درجنوں چھوٹی بڑی استحکام پاکستان اور پاک فوج زندہ باد ریلیاں نکالی گیں، شرکاء کی جانب سے افواج پاکستان اور کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ سب سے بڑی ریلی کوٹلی میں نکالی گئی جس کی قیادت صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین نے کی، استحکام پاکستان ریلیوں میں شرکاء نے پاکستان و آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور فضاء پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آج استحکام پاکستان ریلی کا یہ اجتماع اس بات کا گواہ ہے کہ پاکستان کشمیر ہے اور کشمیر پاکستان ہے، پاکستان کا خواب ایک کشمیری علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا پاکستان بنانے میں میری مدد میرے پرائیویٹ سیکرٹری اور ٹائپ رائٹر نے کی، قائد کے وہ پرائیویٹ سیکرٹری بھی ایک کشمیری تھے، وہ آزاد کشمیر کے ہر دلعزیز لیڈر سابق صدر آزاد کشمیر کے ایچ خورشید مرحوم تھے۔ چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ جو چند لوگ پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں وہ آئیں اور دیکھ لیں آزاد کشمیر میں استحکام پاکستان ریلیاں اور پاکستان سے محبت کے اجتماعات میں پورا آزاد کشمیر پاکستان کی محبت میں سڑکوں پر ہے، ہر طرف سبز ہلالی پرچم لہرا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سازشوں کا سب سے پہلا ٹارگٹ ہمارا وطن عزیز تھا لیکن افواج پاکستان نے تمام سازشیں ناکام بنا دی، جو لوگ افواج پاکستان اور عوام کے درمیان دوریاں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ اس خطے کو بھی بدامنی کا شکار کرنا چاہتے ہیں لیکن ناکام ہوئے اور انشاء اللہ ناکام ہوں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 1137365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش