0
Saturday 25 May 2024 12:52

ایران ایک طاقتور ملک ہے اور وہاں خلا نامی چیز نہیں پائی جاتی، شیخ یزبک

ایران ایک طاقتور ملک ہے اور وہاں خلا نامی چیز نہیں پائی جاتی، شیخ یزبک
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ لبنان کی شرعی کمیٹی کے سربراہ شیخ یزبک نے ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اور دیگر ساتھیوں کی جانسوز شہادت پر ایک بار پھر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "اسلامی جمہوریہ ایران نے انتہائی شدید ہونے کے باوجود اس مصیبت کو بہت ہی اطمینان سے برداشت کیا اور بہت جلد ملکی امور میں ہر قسم کے خلل کی روک تھام کرنے کیلئے اس خلا کو پر کرنے کیلئے اقدام انجام دیا۔" انہوں نے مزید کہا: "اسلامی جمہوریہ ایران ایک طاقتور ملک ہے اور وہاں خلا نامی چیز نہیں پائی جاتی۔" حزب اللہ لبنان کے اس مرکزی رہنما نے شہید ابراہیم رئیسی، شہید امیر عبداللہیان اور دیگر شہداء کے تشیع جنازہ میں عوام کی جانب سے کروڑوں کی تعداد میں شرکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "دشمنوں کو سب سے بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب کروڑوں کی تعداد میں ایرانی عوام نے ان شہداء کے جنازے میں شرکت کی۔ یہ درحقیقت ایک ریفرنڈم تھا جو دو اصلی موضوعات کے بارے میں انجام پایا۔ پہلا موضوع عوام کی جانب سے ایران کی حکومت، اسلامی جمہوریہ نظام اور رہبر معظم انقلاب کی وسیع اور بھرپور حمایت ہے جبکہ دوسرا موضوع ایرانی عوام کی جانب سے فلسطین کاز اور فلسطین سے متعلق ایران کے موقف پر سو فیصد اتفاق ہے۔"
 
حزب اللہ لبنان کی شرعی کمیٹی کے سربراہ شیخ یزبک نے لبنان کی آزادی اور عید مقاومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "2000ء میں غاصب طاقتوں سے جنوبی لبنان کی آزادی اسلامی مزاحمت کی دیگر مسلسل کامیابیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوئی، یہاں تک کہ طوفان الاقصی، طوفان آزادگان اور وعدہ صادق انجام پائے جنہوں نے صیہونی حکمرانوں کی تمام ریڈ لائنز کو پاوں تلے روند ڈالا اور غاصب صیہونی رژیم کے مرکز تک کاری ضرب لگائی۔" شیخ یزبک نے مزید کہا: "آج اسلامی مزاحمت مقبوضہ فلسطین کی شمالی سرحدوں پر صیہونی دشمن سے جنگ میں مصروف ہے اور غاصب صیہونیوں کو سراسیمہ اور سرگردان کر رکھا ہے اور میدان جنگ میں اپنی مرضی کی مساواتیں دشمن پر تھونپ چکی ہے۔" شیخ یزبک نے ایک بار پھر مظلوم فلسطینی عوام اور اہل غزہ کی ہمہ جہت اور بھرپور حمایت پر مبنی حزب اللہ لبنان کے موقف پر زور دیا اور کہا: "جب تک غزہ میں جنگ بندی نہیں ہوتی، غاصب صیہونیوں کے خلاف ہماری فوجی کاروائیاں بدستور جاری رہیں گی اور صیہونی حکمران جان لیں اگر وہ کسی حماقت کے مرتکب ہوئے تو انہیں اور ان کے حامیوں کو ایسا منہ توڑ جواب ملے گا جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتے۔" انہوں نے آخر میں کہا: "مزاحمت اطمینان کا باعث ہے اور اسلامی مزاحمت کی فتح یقینی امر ہے جو خداوند متعال کے لطف و کرم سے بہت قریب ہے۔"
خبر کا کوڈ : 1137411
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش