0
Saturday 25 May 2024 19:56

پشاور، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، پی ٹی آئی ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر فیڈرز چلوا دیئے

پشاور، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، پی ٹی آئی ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر فیڈرز چلوا دیئے
اسلام ٹائمز۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی ایم پی اے نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر فیڈرز چلوا دیے۔ ترجمان پیسکو کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے مظاہرین کے ساتھ پیسکو رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن کا گھیراؤ کیا اور مظاہرین کے ساتھ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور زبردستی فیڈرز چلوائے، مظاہرین نے زبردستی 9 فیڈرز چلوائے جو ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن (پیسکو) ترجمان کے مطابق آن کرائے گئے فیڈرز میں ہزار خوانی، یکاتوت، اخون آباد، نیو چمکنی، سوڑیزئی بالا، شالوذان اور قلندر آباد شامل ہیں۔ مذکورہ فیڈرز پر بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لاسز 80 فیصد سے زائد ہیں اور پیسکو کی جانب سے مذکورہ فیڈرز پر لاسز کم کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔ بعد ازاں رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی اور پیسکو اہل کاروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے نتیجے میں رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن سے ہزار خوانی اور دیگر علاقوں کو بجلی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے۔ مذاکرات میں طے پایا کہ 10 گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔

مذاکرات کے دوران رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی کی جانب سے کنڈا سسٹم ختم کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، جس کے بعد فضل الٰہی نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا اور مظاہرین واپس چلے گئے۔ دریں اثناء ایکسین عالم زیب نے بتایا کہ ہم علاقے میں لوڈشیڈنگ کم کررہے ہیں۔ علاقہ عمائدین بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے رکن اسمبلی فضل الٰہی نے کہا کہ واپڈا بھی ہمارا محکمہ ہے، واپڈا کے ساتھ اسٹاف کی کمی بھی ہے ۔ ہم علاقے سے کنڈا کلچر اور بجلی کی چوری ختم کریں گے۔ واپڈا ماہانہ بنیادوں پر بلز کا اجرا یقینی بنائے۔
خبر کا کوڈ : 1137513
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش