اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سینئر راہنما اور وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سیاستدان آپس میں بات کریں ہم سے بات کرنے کا کیا تعلق ہے۔ وفاقی وزیر راناثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات کا معاملہ 2014ء سے بند گلی میں ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میں ہم دوبار ملاقات کے لئے انتظار میں رہے۔ راناثنا اللہ نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی بڑی وجہ بانی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ وہ سیاستدانوں کیساتھ بات کرنے کو تیار نہیں۔ ججز کا خط لکھنا کافی ہے کہ ایسا لائحہ عمل بن جائے کہ ادارے ایک دوسرے کی حدود میں مداخلت نہ کریں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال سب کے لئے ہی درست نہیں، ڈیڈ لاک ختم کرنا چاہئے، ہماری طرف سے کوئی انا یا ہٹ دھرمی نہیں دوسری طرف سے ہے۔ اپنے دور میں میرا گھر گرانے کے لئے انہوں نے بڑے جتن کئے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات ہیں تو گرایا جانا چاہئے، ہم مذاکرات کی بات کریں تو وہ آگے سے گالیاں دیتے ہیں۔