0
Saturday 25 May 2024 22:26

ایم کیو ایم پاکستان میں موجود تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی سب سے بااثر آواز ہے، مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم پاکستان میں موجود تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی سب سے بااثر آواز ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔پاکستان مسلم الائنس (دیوان) کے سربراہ بچو عبدالقادر دیوان کی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفی کمال سے پاکستان ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی حفیظ الدین اور ہمایوں عثمان شریک تھے۔ پاکستان مسلم الائنس (دیوان) کے وفد نے مصطفی کمال کو پاکستانی بنگالی برادری کے ساتھ روا رکھا جانے والے امتیازی سلوک سے آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ پاکستانی بنگالی برادری کیلئے شناختی کارڈ کا حصول تقریبا ناممکن ہوگیا ہے اور اپنے ہی ملک کے شناختی کارڈ کے حصول کیلئے کس درجہ ہتک آمیز رویے برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ نادرا اہلکاروں کی جانب سے روا رکھا جانے والے سلوک پر پوری پاکستانی بنگالی برادری دلبرداشتہ ہے اور کئی بار مختلف فورمز پر مدعا اٹھانے کے باوجود یہ مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے، بنگالی قوم پاکستان کی وفادار قوم ہے جس کو وہ تمام حقوق باآسانی ملنا چاہئے جو پاکستان میں موجود دوسری اقوام کو میسر ہیں۔

وفد نے سید مصطفی کمال سے درخواست کی کہ وہ نہ صرف قومی اسمبلی میں اس سنجیدہ اور توجہ طلب مسئلہ کو اٹھائیں بلکہ اس مسئلے کے حل کیلئے کوششیں کریں۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئی سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستانی بنگالی قوم ایک وفادار اور محنتی قوم ہے جس کی حب الوطنی پر شک کرنا بے وقوفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے شناختی کارڈ کے اجرا کے حوالے سے نادرا کی پالیسیز کا جائزہ لیں گے اور اس کے بعد اس مسئلہ کو ہر قانونی فورم پر اٹھائیں گے۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان میں موجود تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی سب سے بااثر آواز ہے اور تمام شہریوں کو بلا امتیاز رنگ و نسل، زبان و مذہب قومی شناخت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وفد کی یقین دلایا کہ وہ اس مسئلے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کریں گے اور مسئلے کے باعمل اور عملی حل تک کوششیں جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1137557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش