0
Saturday 25 May 2024 22:38

امن و امان کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، گورنر بلوچستان

امن و امان کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، گورنر بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے مختلف اضلاع خاص کر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے جرائم اور اسٹریٹ کرائمز کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم سے متعلق عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں امن و امان اور جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جواد احمد ڈوگر سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں مستقل بنیادوں پر پائیدار امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان موثر روابط کی اشد ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ شہر کے مضافات میں موجود پولیس تھانوں پر زور دیا کہ وہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنے اپنے علاقوں کی حدود سے جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کا قلع قمع کریں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ ہر ذی شعور شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے حکومتی کاوشوں میں تعاون فراہم کریں۔
خبر کا کوڈ : 1137567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش