0
Sunday 26 May 2024 09:17

کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے, محمود ساغر

کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے, محمود ساغر
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام آج بھی قربانیاں دے رہے ہیں اور پوری آزادی پسند قیادت تہاڑ جیل سمیت مختلف بھارتی جیلوں میں نظربند ہے۔ ذرائع کے مطابق محمود احمد ساغر نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ کشمیری عوام نے موجودہ جدوجہد میں ایک لاکھ جانوں کی قربانیاں دیں جبکہ جموں میں تین لاکھ لوگ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا پشتیبان ہے، پاکستان کی کوششوں سے ہی اسلامی تعاون تنظیم میں قراردادیں منظور کی جاتی ہیں جس پر ہم مملکت خداداد کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019ء کے بعد بھارتی جارحیت کے مقابلے کے لئے سفارتکاری میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ حریت رہنما نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ یہ انتخابات ڈھونگ کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں ان انتخابات کو کون ذی ہوش انسان تسلیم کرے گا۔ بندوق کے بل پر لوگوں کو گھروں سے نکالنا اور پھر انگلیاں دکھوانا جمہوریت نہیں بلکہ بدترین فسطائیت ہے۔

محمود ساغر نے کہا کہ میرے حالیہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے چونکہ سوشل میڈیا کا دور ہے لہذا لوگ اپنی مطلب کی چیزیں نکال کر چلاتے ہیں جس سے غلط فہمیاں جنم لیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرکاری پالیسی ہے کہ کشمیر ایک تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو بنیادی فریق تسلیم کیا گیا ہے جبکہ پاکستان اس کا دوسرا فریق ہے اور پاکستانی آئین میں مسئلہ کشمیر کو جو تحفظ دیا گیا ہے وہ اقوام متحدہ کے بعد دوسری اہم دستاویز ہے کہ پوری ریاست جموں و کشمیر کا پاکستان کیساتھ کیسے رشتہ استوار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک مسئلہ کشمیر کا تعلق ہے یہ آج بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور بھارت لاکھ کوششوں کے باوجود اس کو نہیں نکلوا سکا۔ محمود احمد ساغر نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی تحریک آزادی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام گزشتہ 76 برسوں سے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کو بیس کیمپ کی حیثیت حاصل ہے تاکہ وہ اپنے تمام وسائل مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے بروئے کار لائے۔
خبر کا کوڈ : 1137624
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش