0
Sunday 26 May 2024 12:27

شہدائے خدمت کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجلس عزا کا انعقاد، رہبر انقلاب اسلامی کی شرکت

شہدائے خدمت کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مجلس عزا کا انعقاد، رہبر انقلاب اسلامی کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ ایران کے صدر حجت الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئيسی، وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان، تبریز کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین آل ہاشم، مشرقی آذربائيجان صوبے کے گورنر ڈاکٹر مالک رحمتی، صدر مملکت کی محافظ ٹیم کے سربراہ بریگیڈیر جنرل سید مہدی موسوی اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے افراد، بریگيڈیر جنرل پائلٹ سید طاہر مصطفوی، بریگيڈیر جنرل پائلٹ محسن دریانوش اور سیکنڈ کرنل فلائٹ انجینیر بہروز قدیمی کے ایصال ثواب پیش کرنے کے لیے حسینیہ امام خمینی تہران میں ایک مجلس عزا کا انعقاد ہوا جس میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے شرکت کی۔

مجلس میں عوام کے مختلف طبقوں کے ہزاروں لوگوں، شہداء کے اہل خانہ، انتظامیہ، عدلیہ اور مقننہ کے سربراہوں، سول اور فوجی عہدیداروں، غیر ملکی مہمانوں خاص طور پر عراق کے صدر اور اس ملک کے کچھ دیگر اعلی حکام اور اسی طرح مختلف ملکوں کے سفیروں نے شرکت کی۔ مجلس میں بین الاقوامی قاریوں نے قرآن مجید کی تلاوت کی اور ذاکرین اہلبیت علیہم السلام نے فضائل و مصائب پڑھے۔

مجلس عزا سے حجت الاسلام رفیعی نے خطاب کیا اور عوام کی خدمت، اخلاص اور توسل کو شہدائے خدمت بالخصوص حجت الاسلام و المسلمین رئيسی کی تین نمایاں خصوصیات بتایا اور کہا کہ اللہ کے وعدے کے مطابق جو لوگ نیک عمل اور عوام کی خدمت کو خلوص اور صداقت سے انجام دیتے ہیں، خداوند عالم ان کی محبت لوگوں کے دل میں ڈال دیتا ہے اور اس بات کا مشاہدہ سبھی نے ان شہیدوں کے پرشکوہ جلوس جنازہ میں واضح طور پر کیا۔
خبر کا کوڈ : 1137663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش