0
Sunday 26 May 2024 17:49

ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بڑا اہم ہے، حافظ  نعیم الرحمان

ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بڑا اہم ہے، حافظ  نعیم الرحمان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طویل غور و خوص کے بعد جماعت اسلامی کی مجلس شوریٰ میں تشکیل پایا ایجنڈا عوام کے سامنے لا رہے ہیں، عوام اس وقت طاقتور لوگوں کے غلام ہیں، ملک میں سردار جاگیردار بیوروکریٹ اور جرنیلی گٹھ جوڑ کا نظام رائج ہے، ہمارے ایجنڈے کا پہلا نقطہ ہے کہ ملک میں عوام کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فوج سمیت تمام اداروں کی حدود ہونی چاہیے،  لوگ جن اداروں کی عزت کرتے تھے آج ان پر انگلیاں اٹھائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں اور عورتوں کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے گا، خواتین کو وراثت میں حصہ نہ دینے والوں کو عوامی اور سرکاری عہدوں کیلئے نااہل ہونا چاہیے، تشدد اور ہراسگی کا شکار خواتین کو فوری انصاف ملنا چاہیے، نوجوانوں کو روزگار سمیت سستی اور معیاری تعلیم میسر ہونی چاہیے اور انہیں با اختیار بنانے کے فوری اقدامات اٹھائے جانے چاہیں۔
 
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ انتخابی نتائج میں دھاندلی کے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف انتخابات کیلئے انتخابی اصلاحات ہونی چاہئیں، الیکشن کمیشن کا اپنا آزاد اور خودمختار عملہ ضروری ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایجنڈے میں آزاد خارجہ پالیسی کا مطالبہ بھی کیا ہے، ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے لئے بڑا اہم ہے، کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے دو ٹوک موقف اپنا ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عید کے بعد جماعت اسلامی ملک گیر تحریک کا آغاز کرے گی، جس میں حکومت پر عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے دباؤ ڈالا جائے گا۔ انہوں نے حکومتی اتحاد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پی ڈی ایم کی حکومت مسلط ہے، فارم سنتالیس پر آنیوالوں کو خود ہی دستبردار ہو جانا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 1137702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش