0
Sunday 26 May 2024 19:02

پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، احسن اقبال

لیپ ٹاپ کی تقسیم پر ایک سیاستدان نے مذاق اڑایا
پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم نہ ہوتے تو آج ہم اس مقام پر نہیں پہنچتے لیکن لیپ ٹاپ کی تقسیم پر ایک سیاستدان نے ہمارا مذاق اڑایا۔ نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے سیاسی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی سوچ سے قطع نظر میرٹ پر نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور چاہے اس نوجوان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو، اسے میرٹ پر لیپ ٹاپ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہے وہ حکمرانی جسے گڈ گورننس کہتے ہیں، جس میں میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں اور اس میرٹ کو سیاسی نظر سے نہیں دیکھتے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ سے یہ سوچ رکھتے ہیں کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ یہ نوجوان ہیں، اگر پاکستان کا مستقبل محفوظ کرنا ہے تو نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بہترین تعلیم اور اسکلز دے کر تیار کرنا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے نوجوانوں میں عدم برداشت، گالم گلوچ، انتشار اور محاذ آرائی کا کلچر فروغ نہیں دیا بلکہ انہیں پڑھائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بہترین تربیت کے مواقع دیے جس کا ثبوت یہ نارووال کی یہ یونیورسٹی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں پر وہ طلبہ تعلیم حاصل کرتے ہیں جن کے والدین ان کی پڑھائی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے تھے یا پھر وہ انہیں تعلیم کے لیے دوسرے شہر نہیں بھیجنا چاہتے ہیں، ہم نے نارووال کو علم کی بستی بنانے کا مشن شروع کیا کہ یہاں کا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج یونیورسٹی آف نارووال پاکستان میں تعلیم کے ذریعے سماجی، معاشرتی ومعاشی ترقی کی ایک مثال بن چکی ہے، آج یہاں 7 ہزار کے قریب طلبہ زیر تعلیم ہیں، ان میں 5 ہزار طالبات ہیں، اگر یہ جامعہ نہیں ہوتی تو شاید ان بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہیں ملتا، جب کہ یہی بچیاں یہاں سے پڑھ کر چین اور امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے یہ موقع دیا کہ آج نارووال میں جامعات سمیت دیگر منصوبوں کی وجہ سے ہزاروں نوجوانوں کی نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی زندگی میں انقلاب برپا ہورہا ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 1137709
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش