0
Sunday 26 May 2024 20:35

ہم اسمبلی انتخابات کے بعد کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرینگے، امت شاہ

ہم اسمبلی انتخابات کے بعد کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرینگے، امت شاہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ جیسے ہی پارلیمانی انتخابات ختم ہوں گے، حکومت جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کرنے کا عمل شروع کر دے گی۔ حکومت 30 ستمبر سے پہلے وہاں اسمبلی انتخابات کرانے کا کام مکمل کر لے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں زبردست ٹرن آؤٹ سے مودی حکومت کی کشمیر پالیسی درست ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسندوں نے بھی بڑی تعداد میں ووٹنگ میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پسماندہ طبقات کا سروے ہو یا اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں کی حد بندی کا کام، سب کچھ پلان کے مطابق ہو رہا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ میں نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ ہم اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست کا درجہ بحال کریں گے، ہم نے حد بندی کا عمل مکمل کر لیا ہے کیونکہ حد بندی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی ریزرویشن دیا جا سکتا ہے۔

امت شاہ نے کہا کہ ہمیں ریزرویشن دینے کے لئے مختلف ذاتوں کی حیثیت کے بارے میں جاننا ہوگا، اس لئے ایسا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پارلیمانی انتخابات بھی ختم ہو چکے ہیں، اس کے بعد اسمبلی انتخابات ہوں گے، ہم سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن سے پہلے اس عمل کو مکمل کر لیں گے۔ پارلیمانی انتخابات کے دوران وادی کشمیر میں نسبتاً زیادہ ٹرن آؤٹ پر امت شاہ نے کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ وادی میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ ووٹنگ کا فیصد بڑھ گیا ہے، کچھ لوگ کہتے تھے کہ وادی کے لوگ ہندوستانی آئین کو نہیں مانتے لیکن یہ انتخاب ہندوستانی آئین کے تحت ہوا تھا، اب کشمیر کا کوئی آئین نہیں ہے، اسے ختم کر دیا گیا ہے، یہ انتخابات ہندوستانی آئین کے تحت ہوئے تھے۔

امت شاہ نے کہا کہ کشمیر میں جو لوگ الگ ملک کا مطالبہ کرتے تھے اور جو لوگ پاکستان کے ساتھ جانے کی وکالت کرتے تھے، چاہے وہ تنظیمی سطح پر ہوں یا انفرادی طور پر، انہوں نے بھی پُرجوش انداز میں ووٹ دیا ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ جمہوریت کی بہت بڑی فتح ہے اور ہماری کشمیر پالیسی، جو نریندر مودی حکومت کی 10 سالہ پالیسی رہی ہے، اس کی کامیابی ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ پارٹی اب بھی وادی میں اپنی تنظیم کو مضبوط کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں اپنے امیدوار ضرور کھڑے کریں گے، ہماری تنظیم پھیل رہی ہے اور ہماری تنظیم مضبوط ہونے کے مراحل میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 1137715
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش