اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض کے بیان پر اپنا ردعمل دیا ہے۔ سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ موجودہ حالات ایک پریشرککر ہے، جو آنیوالے کچھ دنوں میں پھٹنے والا ہے اور اس کا نقصان ان کا نہیں ہوگا، جنہوں نے بیرون ملک فرار کے راستے بنائے، نقصان انکا ہوگا جنہوں نے اپنے ملک میں جینے اور مرنے کا فیصلہ کیا۔ عارف علوی نے کہا کہ آئیے ہم ملک کو قوموں کی برادری میں عزت کیساتھ خوشحال بنائیں، اس ملک کو ہم بچائیں گے اور عزت کے ساتھ خوشحال بنائیں گے، چاہے کچھ بھی ہو جائے ملک کو اقوام عالم میں عزت و تکریم سے خوشحال بنائیں گے۔ سابق صدر مملکت نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ملک میں جاری لوٹ مار کو ختم کریں گے اور یہ سب اللہ کے فضل و کرم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں ممکن ہوگا، پاکستانیو بس کچھ دن رہ گئے ہیں انتظار کرلو۔