اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو بانی پی ٹی آئی کے نظریئے پر جم کر کھڑا رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کا کوئی جواز نہیں، جن مقدمات میں گرفتاری ڈالی گئی، ان میں عدالت نے انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق اس ظالمانہ حرکت کے خلاف ہر ممکن کارروائی کریں گے۔ واضح رہے کہ لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے 8 مقدمات میں گرفتار کرلیا ہے۔ لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے لیے اڈیالہ جیل راولپنڈی پہنچی تھی۔