0
Monday 27 May 2024 07:59

اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا اہتمام کرے

اقوامِ متحدہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا اہتمام کرے
اسلام ٹائمز۔ کشمیری مہاجرین نے مظفرآباد میں ایک زبردست ریلی نکالتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں استصواب رائے کا اہتمام کرے۔ ذرائع کے مطابق ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں بچے، بزرگ اور خواتین بھی شامل تھیں اور وہ بھارت کیخلاف، آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔  شرکاء نے شہید برہان وانی چوک سے اقوامِ متحدہ کے مبصر دفتر تک مارچ کیا۔ شرکائے ریلی ”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”،”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو” اور”ہم چھین کے لیں گے آزادی”جیسے نعرے لگا رہے تھے۔شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ مسئلہ کشمیرکو فوری حل کرے۔ بینرز پر” گو انڈیا گو بیک ” کے نعرے بھی درج تھے۔

مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین مقبوضہ جموں و کشمیر اور شہریان مظفرآباد کا یہ اجتماع مقبوضہ ریاست پر بھارتی فوجی قبضے کو مسترد کرتا ہے۔ مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے 27 اکتوبر 1947ء کی بھارتی جارحیت، 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات اور 11 دسمبر 2023ء کے بھارتی سپریم کورٹ کے یکطرفہ فیصلے کو مسترد کیا۔ مقررین نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ریلی کی قیادت مہاجر رہنما عزیر احمد غزالی نے کی۔ 
خبر کا کوڈ : 1137800
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش