0
Monday 27 May 2024 15:15

امید ہے کہ ایران و اردن کے مابین بات چیت نتیجہ خیز ہو گی، اردن کے ولیعہد

امید ہے کہ ایران و اردن کے مابین بات چیت نتیجہ خیز ہو گی، اردن کے ولیعہد
اسلام ٹائمز۔ اردن کے ولی عہد "الحسین بن عبدالله الثانی" نے کہا کہ تمام عرب ممالک ایران کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ "تہران" اور "امان" کے مابین مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ الحسین بن عبدالله الثانی نے ان خیالات کا اظہار سعودی نیوز چینل "العربیہ" سے گفتگو میں کیا۔ اس دوران انہوں نے بعض عرب ممالک کے ساتھ ایران کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کے درپے ہیں۔ کسی کے امور میں عدم مداخلت اور اچھے پڑوسی ہونے کی بنیاد پر ہم سمیت باقی عرب ممالک ایران کے بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں۔ اگر ہم بہتر تعلقات چاہتے ہیں تو ہمیں اشتعال انگیزی پھیلانے والے تمام عوامل کو روکنا ہو گا اور بات چیت کا دروازہ کھولنا ہو گا۔
 
الحسین بن عبدالله الثانی نے کہا کہ اردن اور ایران کے درمیان تمام مسائل پر بات چیت جاری ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ بات چیت نتیجہ خیز ثابت ہو گی۔ تاہم ہماری او٘لین ترجیح ہے کہ اردن علاقائی جنگ کا میدان نہ بنے۔ انہوں نے علاقائی صورت حال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین ہمارا مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں ہمیں جتنی بھی سیاسی و اقتصادی قیمت چکانا پڑے ہم ادا کریں گے۔ ہم فلسطین کاز پر اپنی ذمے داریوں کو بخوبی انجام دے رہے ہیں۔الحسین بن عبدالله الثانی نے مزید کہا کہ میری پہلی ترجیح ملک کی سلامتی و استحکام کو برقرار رکھنا ہے کیونکہ ایک مضبوط اردن ہی فلسطین کا دفاع کر سکتا ہے اور فلسطینیوں کا سب سے بڑا حامی بن سکتا ہے۔ آخر میں اردنی ولی عہد نے کہا کہ آج ہماری توجہ کا مرکز غزہ کی پٹی ہے لیکن اسرائیل مغربی کنارے کی صورت حال خراب کر کے خطے کو جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1137865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش