0
Sunday 20 Nov 2011 14:11

عرب لیگ مغربی مداخلت کیلئے میدان تیار کر رہی ہے، غیر ملکی مداخلت کے سامنے نہیں جھکیں گے، بشارالاسد

عرب لیگ مغربی مداخلت کیلئے میدان تیار کر رہی ہے، غیر ملکی مداخلت کے سامنے نہیں جھکیں گے، بشارالاسد
اسلام ٹائمز۔ شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا ہے وہ عالمی دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، اگر انکے ملک میں غیر ملکی مداخلت ہوئی تو وہ اس کے خلاف لڑیں گے اور اپنے وطن پر اپنی جان قربان کر دیں گے۔ برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کو ایک انٹرویو میں صدر اسد نے کہا کہ عرب لیگ شام میں مغربی جارحیت کا بہانہ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مسلح باغی گروہوں کو شامی عوام کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا اور بے گناہوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ بہت سے شامی انکے خلاف ہیں، لیکن انکے اقتدار چھوڑنے کا ایک طریقہ ہے اور وہ انتخابات ہیں۔ انہوں نے کہا اگلے برس فروری یا مارچ میں انتخابات ہو رہے ہیں، جسکے بعد نئی حکومت تشکیل دی جائے گی۔
دیگر ذرائع کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ وہ غیرملکی مداخلت کے سامنے نہیں جھکیں گے اور کسی بھی عالمی سازش کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سنڈے ٹائمز کو انٹر ویو دیتے ہوئے سیریا کے صدر بشارالاسد کا کہنا تھا کہ شہریوں پر ظلم وتشدد ان کی ریاستی پالسیوں کا حصہ نہیں ہے۔ عوام کے خلاف فوجی کاروائی کے سوال پر صدر کا کہنا تھا کہ غلطیاں ہو جاتی ہیں لیکن یہ سب ہنگامہ آرائی لوگوں کی ہی وجہ سے ہوئی ہے، ریاست اس کی ذمہ دار نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آٹھ سو پولیس اہلکار اور فوجی جوان جو مارے گئے ان کو مارنے والے بھی سڑکوں پر پھرنے والے دہشتگرد ہیں، جو پرامن احتجاج نہیں بلکہ ریاست میں دہشتگردی پھیلا رہے ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ غیر ملکی مداخلت پر بشارالااسد کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مداخلت کے خلاف مرتے دم تک جنگ کریں گے۔ واضح رہے شام پر اسد اور ان کا خآندان گزشتہ چالیس سال سے حکمرانی کر رہا ہے۔
برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شام کے صدر بشار الاسد کا کہنا تھا کہ امن و امان قائم کرنے کے لئے مظاہرین کے خلاف سکیورٹی کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر شام کو دبانے کی کوششیں جاری رہیں گی لیکن وہ کسی کے آگے نہیں جھکیں گے اور شام پر حملے کی صورت میں غیر ملکی قوتوں کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شامی صدر نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے عسکری گروپ اور بیرون ملک سے اسلحہ کی روک تھام کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے، تاہم اس میں عام شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب لیگ شام میں مغربی مداخلت کا میدان تیار کر رہی ہے اور اگر ایسا ہوا تو مشرقِ وسطی میں زلزلہ آ جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 115530
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش