0
Tuesday 29 Nov 2011 00:13

امریکہ نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مخدوم شہاب الدین

امریکہ نے حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، مخدوم شہاب الدین
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ٹیکسٹائل اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم شہاب الدین نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کی سول اور فوجی امداد بند نہیں کرے گا، امریکہ یا نیٹو فورسز نے آئندہ پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایٹمی اثاثوں کے متعلق شاہ محمود قریشی کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک ہے، متعلقہ اداروں اور میڈیا کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے۔ تحریک انصاف میں شمولیت سے شاہ محمود قریشی اور عمران خان دونوں گھاٹے میں ہیں۔ گھوٹکی میں شاہ محمود قریشی نے عوامی طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا بلکہ مریدوں کا اکٹھ تھا جس میں پیر پگاڑا کے مرید اور عمران خان کے افراد بھی شامل تھے۔ ریاست بہاولپورکی بحالی کا مطالبہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے خلاف سازش ہے۔
مخدوم شہاب الدین نے کہا کہ نیٹو فورسز کے حملے کے خلاف کابینہ کی دفاعی کمیٹی نے جو فیصلے کئے ہیں ان پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یہ حتمی فیصلہ ہے کہ آئندہ اگر نیٹو فورسز یا امریکہ نے پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو کے حملے کے حوالے سے پاکستان اور امریکہ تحقیقات کر رہا ہے اس کی جو بھی رپورٹ ہو گی وہ عوام کے سامنے لائی جائے گی اور ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ملک کی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
 ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے صدر آصف علی زرداری پر الزامات گیڈر بھبھکیاں ہیں، اگر ان میں جرات تھی تو اس وقت آصف زرداری پر تنقید کرتے جب ساڑھے تین سال تک وزارت خارجہ میں تھے، آج وہ سیاسی دوکانداری چمکانے کے لئے صدر پر تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا سیاسی مستقبل ختم ہو چکا ہے اور ا ن کی شمولیت سے عمران خان بھی گھاٹے میں ہیں اور شاہ محمود قریشی بھی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 118209
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش