0
Sunday 22 Jan 2012 02:04

ہمیں پاکستان میں ترقی کا انقلاب برپا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، فاروق ستار

ہمیں پاکستان میں ترقی کا انقلاب برپا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر و وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی ایم کیو ایم کا منشور ہے اور ایم کیو ایم شروع دن سے اپنے منشور پر عمل پیرا ہے، عوام کے مسائل اسی وقت حل ہونگے جب عوام کے درمیان سے نکل کر لوگ منتخب ایوانوں میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں جو انقلابی تیزی پیدا کی ہے وہ دیگر سیاسی جماعتوں کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے، ایم کیو ایم دعوے نہیں کرتی بلکہ عمل سے ثابت کرتی ہے کہ وہ عوام کی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹاؤن میں حق پرست نمائندوں کے فنڈز سے بنارسی ٹاؤن پل اور شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے سنگ بنیاد کی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل اورنگی ٹاؤن کے دیگر مسائل بھی عنقریب حل کرلیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا شہر قائد میں ترقیاتی کاموں اور عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی بہم فراہمی کا عزم سب کے سامنے عیاں ہے، باشعور عوام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ ایم کیو ایم نے ان کے حقوق اور تعمیر و ترقی کے لیے صرف آواز ہی بلند نہیں کی بلکہ عملی کام کرکے دکھایا، باقی دوسری سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتیں شہر کو زبانی کلامی اپنا کہتے ہیں مگر جب عملی جدوجہد اور تعمیر و ترقی کا نام آتا ہے تو کچھ نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ 60 سال سے ملک عزیز میں لوٹ کھسوٹ کا گھناؤنا سلسلہ جاری ہے، ہم اس نظام کو بدل کر دکھائیں گے، انقلاب آکر رہے گا، ایم کیو ایم کو قومی سیاست میں بھرپور کردار ادا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پاکستان کی عوام نے ایم کیو ایم کا ساتھ دیا تو ہم کراچی اور حیدرآباد کی طرح ملک بھر میں تعمیر و ترقی کا انقلاب برپا کردیں گے۔ مقامی حکومتوں کا نظام عملا موقوف ہے، ملک بھر میں تعمیر و ترقی رکی ہوئی ہے، پاکستان کے شہریوں کو بااختیار بنانے کا عمل مقید ہے، لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اگر مقامی حکومتوں کا نظام ملک کے ہر شہر میں شروع کر دیا جائے تو پاکستان دنیا میں تیزی سے ترقی کرتا ملک بن جائے گا، آپ کے سامنے ہے کہ انتہائی کم اختیارات کے باوجود اگر ہمارے نمائندے اتنا کام کررہے ہیں تو ذرا سوچئے کہ اگر ہمیں مکمل اختیار و خودمختاری دے دی جائے تو ہم ملک کو کتنی ترقی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں مستقل اور پائیدار ترقی لائیں گے کہ جس کا حق دار 98 فیصد محروم طبقہ ہے جن کو بلا امتیاز رنگ و نسل، مسلک و مذہب برابری کی بنیاد پر بنیادی حقوق تعلیم، صحت، روزگار، امن و سلامتی اور انصاف فراہم کیا جائے گا یہ ہے الطاف حسین کے حقیقت پسندانہ اور عملیت پسندانہ فکر و فلسفہ جس کو اپناتے ہوئے ہمیں پاکستان میں ترقی کا انقلاب برپا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ : 132191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش