0
Tuesday 24 Jan 2012 17:06

کشمیر پر بھارت کا قبضہ جمہوریت ہی نہیں انسانیت کی بھی توہین ہے، مظفر ہاشمی

کشمیر پر بھارت کا قبضہ جمہوریت ہی نہیں انسانیت کی بھی توہین ہے، مظفر ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ جنت ارض کشمیر میں 80 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہے اور ہر مسلمان و پاکستانی کا دل اہل کشمیر کے ساتھ دھڑکتا ہے، کشمیری پاکستان کے ساتھ الحاق چاہتے ہیں مگر ہندوستانی فوج نے غاصبانہ قبضہ کرکے نہ صرف جمہوریت بلکہ انسانیت کا بھی گلا گھونٹ دیا ہے، قوم کو آزادی کشمیر کیلئے بیدار کرنے اور نئی نسل کو شعور بخشنے کیلئے حلقہ ادب کی یہ کاؤش لائق تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے حلقہ ادب کے تحت ادارہ نورحق میں کشمیر شہ رگ پاکستان کے عنوان سے منعقدہ مشاعرے سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مشاعرے کی صدارت شاعر کشمیر اعجاز رحمانی نے کی جب کہ جہانگیر خان نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ مشاعرے میں عنایت علی خان، انوار عزمی، شاہنواز فاروقی، نذر فاطمی، یونس رمز، اختر سعیدی، محمود غازی بھوپالی، صاحبزادہ عتیق الرحمن، عبدالوحید تاج، نعیم الدین نعیم، نور الدین نور اور دیگر معروف شعراء کرام نے کشمیر کے حوالے سے اپنے کلام پیش کرکے حاضرین کے خون کو گرمایا۔ مشاعرے میں شعر و ادب سے شغف رکھنے والے حاضرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد، جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی، ڈپٹی سیکریٹری علی محمد، سیکریٹری اطلاعات سرفراز احمد، ڈپٹی سیکریٹری زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔

مظفر ہاشمی نے کہا کہ ہر شخص پاکستان کیلئے کشمیر کی اہمیت سے واقف ہے، اگر کچھ عرصے اور کشمیر ہندوستان کے قبضے میں رہا تو اس کا نتیجہ انتہائی سنگین نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا مگر حکمرانوں نے کشمیر کاز پر انتہائی مجرمانہ کردار ادا کیا، ہماری معیشت کا دار و مدار کشمیر سے نکلنے والے دریاؤں پر ہے، ہندوستان ان کا رخ تبدیل کرکے پاکستان کو صحرا اور ریگستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے الحاق کا فیصلہ اہل کشمیر کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے مگر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کرکے اپنی 7 لاکھ آرمی کے ذریعے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ترقی یافتہ دور میں کہ جب ہر قوم کو اپنے عقائد و جذبات کے مطابق حکومت قائم کرنے کی آزادی ہے، ہندوستان نے نہ صرف جمہوریت بلکہ انسانیت کا بھی گلا گھونٹ رکھا ہے افسوسناک امر یہ ہے کہ اس ظلم پر پوری مہذب دنیا خاموش بیٹھی ہے، اقوام متحدہ نے محض قراردادوں پر اکتفا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے جماعت اسلامی کل بھی سرگرم تھی اور آج بھی فعال ہے۔ ہم سے جو کچھ ہوگا ہم کشمیری بھائیوں کیلئے کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 132743
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش