0
Saturday 4 Feb 2012 01:30

آئندہ ماہ لاکھوں افراد القدس کی آزادی کیلئے یروشلم کی جانب مارچ کریں گے، فیروز مٹھی بور والا

آئندہ ماہ لاکھوں افراد القدس کی آزادی کیلئے یروشلم کی جانب مارچ کریں گے، فیروز مٹھی بور والا
اسلام ٹائمز۔ عالمی مارچ برائے آزادی القدس میں دنیا بھر سے بلا رنگ و نسل اور زبان تمام مذاہب کے 10 لاکھ افراد بیت المقدس کی آزادی کیلئے 30 مارچ کو مقبوضہ فلسطین کی چار سرحدوں سے یروشلم کی جانب پرامن احتجاجی مارچ کریں گے اور اسی روز دنیا بھر میں امریکی و اسرائیلی سفارتخانوں کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ گلوبل مارچ کا مقصد فلسطینی بھائیوں کو صیہونیوں سے نجات دلانے کیلئے پرامن احتجاج کرنا ہے۔ یہ بات عالمی مارچ برائے آزادی کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں ہونے والے دو روزہ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان میں فیروز مٹھی بور والا ( بھارت )، ڈاکٹر محمد ( فلسطین )، سلیم غفوری ( ایران )، محمد معروف ( انڈونیشیاء )، ہینگ سانا کوچی ( جاپان ) جے اے سالک ( عالمی منیارٹی الائنس )، جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی، سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی، جمعیت علماء پاکستان کے قاضی احمد نورانی صدیقی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے صابر کربلائی اور علی احمر سمیت دیگر شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایشین پیپلز سالیٹری فار فلسطین کے تحت ہونے والے اس عالمی مارچ کے شرکاء 30 مارچ کو مقبوضہ فلسطین کی چار سرحدوں مصر، لبنان، شام اور اردن میں جمع ہوں گے اور پرامن طریقے سے بیت المقدس یروشلم کی جانب مارچ کریں گے جبکہ اسی روز دنیا بھر میں امریکا اور اسرائیل کے سفارت خانوں کے سامنے یروشلم کی آزادی اور فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و زیادتیوں کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایشیائی ممالک متحد ہو جائیں تو امریکا، یورپ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔ گذشتہ برس بین الاقوامی مارچ کی بدولت غزہ کی پٹی کے معاملے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں ایشیائی ممالک کے وفود نے عالمی مارچ کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ عالمی مارچ کیلئے بھارت سے روانہ ہونے والا کاروان واہگہ کی سرحد کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کے بعد لاہور پہنچے گا۔ بعدازاں دونوں ممالک کا مشترکہ قافلہ ملتان کے راستے کراچی آنے کے بعد کوئٹہ سے ایران کے شہر زاہدان کیلئے روانہ ہوگا۔ پاکستانی قافلے میں شرکاء کی رجسٹریشن کیلئے ایک پانچ رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس کے سربراہ مظفر احمد ہاشمی ہوں گے جبکہ ارکان میں قاضی احمد نورانی، کرامت علی ( پائلر )، علامہ عقیل انجم قادری اور ڈاکٹر محمد شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یروشلم نہ صرف مسلمانوں بلکہ عیسائیوں کیلئے بھی مقدس مقام کا حامل ہے جبکہ قابض اسرائیل نے بیت المقدس میں انفرادی حیثیت میں آنے کی ممانعت کرتے ہوئے 50 افراد کے وفد کی پابندی عائد کر رکھی ہے چنانچہ 10 لاکھ افراد اکٹھے ہو کر پرامن طور پر یروشلم جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم فلسطین آزادی کے تحت قافلے کے شرکاء کا فلسطین پہنچنے پر خیر مقدم کیا جائے گا جبکہ اسرائیل اس پرامن قافلے کو روکنے کی کوشش میں مصروف ہے۔
خبر کا کوڈ : 135231
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش