0
Sunday 12 Feb 2012 22:32

انقلاب اسلامی ایران ہی دنیا بھر کے مظلوموں کی امیدوں کا محور ہے، نثار فیضی

انقلاب اسلامی ایران ہی دنیا بھر کے مظلوموں کی امیدوں کا محور ہے، نثار فیضی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر انتظام خوشاب میں مسجد امام باقر علیہ السلام کی تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر علاقے کے معززین سے گفتگو کرتے ہوئے خیر العمل فاﺅنڈیشن کے انچارچ اور مرکزی سیکرٹری ویلفیئر نثار علی فیضی نے کہا کہ آج عالم اسلام میں بیداری کی جو لہر ہے و ہ انقلاب اسلامی کا ہی ثمر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین بھی پاکستان میں انقلاب کی خوشبو اور آفاقی پیغام کو لیکر معاشرے میں سرگرم عمل ہے تاکہ پاکستان سے بھی بوڑھے استعمار کو اسکے ناپاک منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ ڈال کر اس مادر وطن سے نکال باہر کر دیا جائے۔ تاکہ یہ وطن جو قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے اسے لا الہ الا للہ کا مرکز بنایا جا سکے۔

نثار فیضی کا کہنا تھا کہ عوام کی بے لوث خدمت اور اسلام کو نجات دہندہ سمجھ کر ہی ہم موجودہ مسائل سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔ نثار فیضی نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ ویلفیئر کے زیر اہتمام اس وقت پورے ملک میں سیلاب زدہ علاقوں میں مکانوں کی تعمیر کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے جس کا افتتاح مجلس کے قائدین جلد ہی ان علاقوں کے دورے کے دوران کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خوشاب میں زیر تعمیر مسجد کی بنیادوں کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری ویلفیئر نے اہل علاقہ سے کام کے معیار اور رفتار کے بارے میں معلومات لیں جس پر لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور اپنے علاقے میں ان فلاحی منصوبوں کے اجراء پر مجلس کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دورے میں خیر العمل فاﺅنڈیشن کے ایگزیکٹو ممبران بابر زیدی اور مسرور نقوی بھی ہمراہ تھے۔
خبر کا کوڈ : 137277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش