0
Tuesday 21 Feb 2012 15:02

امریکی قرارداد کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں نہ کھلیں تو یہ المیہ ہوگا، محمد حسین محنتی

امریکی قرارداد کے بعد حکمرانوں کی آنکھیں نہ کھلیں تو یہ المیہ ہوگا، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسئلے پر امریکی کانگریس میں پیش کی جانے والی قرارداد کے باوجود بھی اگر حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو پاکستان کی سالمیت خطرات سے دوچار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی پوری تاریخ مکر و فریب اور دھوکہ دہی سے عبارت ہے، 71ء کی جنگ میں بھی امریکا نے پاکستان کو دھوکا دیا اور اب ایک بار پھر دے رہا ہے، مگر ہمارے حکمران امریکی عزائم سے آنکھیں بند کئے اسی کا راگ الاپ رہے ہیں، امریکی تاریخ کا سبق یہ ہے کہ دشمنی کسی سے اچھی نہیں مگر امریکا کی دوستی بھی خطرے سے خالی نہیں ہوتی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن بلوچستان کے مسئلے کے پرامن حل کیلئے پارلیمنٹ میں کوئی متفقہ قرارداد منظور کرلیتے تو آج یہ نوبت نہیں آتی امریکی قرارداد پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اقدامات کی وجہ سے آج پورا بلوچستان آتش فشاں کا منظر پیش کررہا ہے۔ بڑے پیمانے پر بلوچ مرد و خواتین اور نوجوانوں کو اغواء کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں اب تک سیکڑوں افراد کو اغواء کرکے لاپتا کردیا گیا ہے، بلوچوں کے جائز مطالبات پر کوئی کان دھرنے پر تیار نہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکمران جان بوجھ کر بلوچستان میں سانحہ مشرقی پاکستان دہرانے پر تلے ہوئے ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی اول دن سے بلوچوں کے مسائل کے حل پر زور دے رہی ہے اور پورے ملک میں گو امریکا گو تحریک چل رہی ہے امریکی مداخلت ہی پاکستان میں مسائل کی جڑ ہے یہ مداخلت بند کرائے بغیر پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کا دفاع ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ حکومت، فوج، قومی سلامتی کے ادارے اور مذہبی و سیاسی جماعتیں وطن کے دفاع اور سلامتی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، ایجنسیوں کو لگام دی جائے، شہریوں کو اغواء کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور بلوچوں کے احساس محرومی کا ازالہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 139613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش