0
Friday 9 Mar 2012 21:16

اسلام مخالف زہر افشانی ناقابل برداشت ہے، میر واعظ عمر فاروق

اسلام مخالف زہر افشانی ناقابل برداشت ہے، میر واعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ حریت پسند کشمیری رہنماء میرواعظ محمد عمر فاروق نے اسلام مخالف زہر افشانی کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی سرکار فتنہ انگیزوں کا خیر مقدم کرتی ہے اور سچائی کا ساتھ دینے والوں پر پابندی عائد کر دیتی ہے۔ میرواعظ نے راجوری کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو ہٹانے اور مسلمانوں کی پکڑدھکڑ کا سلسلہ فوراً بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین میرواعظ محمد عمر فاروق نے ہندو فرقہ پرست تنظیم ویشووا ہندو پریشد کے رہنماء پروین توگڑیا کی راجوری میں ایک جلسہ کے دوران اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایسے بیانات کو مذہبی منافرت کو ہوا دینے کی ایک مذموم کوشش قرار دیا ہے۔ 

حریت کانفرنس (ع) کے چیرمین نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کے مسلمانوں نے ہمیشہ دین اسلام کے اصولوں پر چلتے ہوئے غیرمسلم برادری کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ ان کے دکھ درد میں بھی شریک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ بھارت کی فرقہ پرست قوتیں یہاں کے روایتی بھائی چارے کے ماحول کو درہم برہم کرنے کی مذموم کوششیں کر رہی ہیں۔ یہاں کی سرکار پروین توگڑیا اور اس جیسے فرقہ پرستوں پر وادی آمد پر پابندی عائد کرنے کے بجائے ان کی مہمان نوازی میں بھی مصروف نظر آتی ہے اور ان کو ہر ممکن تحفظ بھی فراہم کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی برحق جدوجہد کی حمایت اور اصولوں اور سچائی کا ساتھ دینے والے گوتم نولکھا جیسے حقوق انسانی کے کارکن اگر کشمیر آنا چاہیں تو ان لوگوں کو مختلف بہانوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے یہاں آنے سے روکا جاتا ہے اور ایئر پورٹ سے ہی واپس بھیجا جاتا ہے۔ لیکن فرقہ پرست جنونیوں کے اسلام مخالف اور ہتک آمیز بیانات کے خلاف جب یہاں کے عوام پر امن احتجاج کرتے ہیں تو ان کے خلاف تشدد اور بربریت کا مظاہرہ کر کے ان کو دہشت گردی اور شدت پسندی کے الزامات میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کرسکتا ہے لیکن اسلام کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جاسکتا۔
خبر کا کوڈ : 144202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش