0
Saturday 10 Mar 2012 12:55

رحیم یار خان، شیعہ علماء کونسل کے عظیم الشان احتجاجی اجتماع کی تیاریاں مکمل

رحیم یار خان، شیعہ علماء کونسل کے عظیم الشان احتجاجی اجتماع کی تیاریاں مکمل
اسلام ٹائمز۔ جنوبی پنجاب کے شہر رحیم یارخان میں آج سانحہ خان پور، سانحہ کوہستان، علامہ ثقلین نقوی کی شہادت اور سانحہ تربت کے خلاف عوامی احتجاج کو تیز اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے شیعہ علماء کونسل پنجاب کی زیر نگرانی ایک بڑا عوامی اجتماع منعقد ہو رہا ہے جس میں جنوبی پنجاب کے علاوہ صوبہ سندھ سے بھی ہزاروں کی تعداد میں عوام شرکت کر رہے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی اجتماع سے خطاب کرنے کے لیے رحیم یارخان پہنچ چکے ہیں جہاں وہ اپنے صدارتی خطاب میں شیعہ عوام کے خلاف جاری ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کے حوالے سے لائحہ عمل دیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے رحیم یارخان پہنچتے ہی کالا گل کے مقام پر شہدائے سانحہ خان پور کی قبور پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے بعد تمام شہداء کے ورثاء، پسماندگان، لواحقین اور اعزاء و اقرباء کے ساتھ تعزیت کی۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید ایم ایچ بخاری کے علاوہ سینکڑوں مومنین اور عوام بھی موجود تھے۔ شیعہ علماء کونسل بہاولپور ڈویژن کے صدر شیخ منظور حسین نے قائد ملت جعفریہ کو بریفنگ دیتے ہوئے سانحہ خان پور کے حوالے سے ہونے والی تمام سیاسی، قانونی اور عوامی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ شیعہ علماء کونسل کی کوششوں اور کاوشوں سے صوبائی حکومت کو مجبور کیا گیا کہ وہ شہداء کے ورثاء و لواحقین کے ساتھ مالی اور دیگر تعاون کرے۔ اس حوالے سے تمام شہداء کے لواحقین اور زخمیوں میں ایک کروڑ 52 لاکھ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ ہر شہید کے خانوادے کے لیے ایک سرکاری ملازمت اور دانش اسکول میں ایک بچے کے داخلے کی منظوری بھی لی جا چکی ہے۔ شیخ منظور حسین نے بتایا کہ اس سرکاری تعاون کے علاوہ شیعہ علماء کونسل کی طرف سے اپنے وسائل کے تحت 45 زخمی مومنین کے علاج معالجے اور امداد پر پچاس لاکھ کی رقم خرچ کی جا چکی ہے۔ جبکہ تاحال علاج معالجے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قانونی معاملات اور عوامی احتجاج کے لیے بھی شیعہ علماء کونسل نے ہی لاکھوں روپے اخراجات کیے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی مومنین اور مظلوم عوام کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ 

شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے شیخ منظور حسین اور ان کے رفقاء کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں ہدایت کی کہ منظم انداز سے خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں اور اس کے بارے عوام کو بھی مسلسل آگاہی دیتے رہیں جبکہ پرامن انداز میں احتجاج اور جدوجہد کے لیے عوام کو آمادہ رکھیں۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے قافلے جلسے میں شرکت کے لیے پہنچانا شروع ہو گئے ہیں اور کچھ دیر کے بعد شیعہ علماء کونسل کے  سربراہ جلسے سے خطاب کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 144372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش