0
Friday 23 Mar 2012 00:10

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے بلوچستان کو فائدہ ہوگا، نواب رئیسانی

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے بلوچستان کو فائدہ ہوگا، نواب رئیسانی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد سے سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا اور اس منصوبے کی مخالفت کرنے والے عناصر پاکستان اور بلوچستان کے دشمن ہیں۔ وہ صوبائی وزراء سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملک کے بہترین مفاد میں ہے لٰہذا اسے ہر صورت مکمل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ کیونکہ یہ لائن یہاں سے گزرے گی۔ اس منصوبے پر عملدر آمد کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے کی عمومی ترقی میں تیزی آئے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں وہ پاکستان اور بلوچستان کے مخالف ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کے دو پوائنٹس پسنی اور گوادر میں بجلی پیدا کرنے کیلئے بجلی گھر لگائے جائیں گے۔ جس سے گوادر میں صنعتی ترقی کے عمل کو مستحکم بنیاد فراہم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تنگ نظری کی سیاست اور تنگ نظری کی سوچ کے حامل عناصر نے ہمیشہ بلوچستان کی ترقی کو نقصان پہنچایا ہے اور یہی عناصر اب پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں‌۔ جسکا مقصد بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔
خبر کا کوڈ : 147532
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش