0
Monday 9 Apr 2012 15:16

ڈبل سواری پر پابندی عوام پر ظلم ہے، فی الفور ختم کی جائے، جماعت اسلامی

ڈبل سواری پر پابندی عوام پر ظلم ہے، فی الفور ختم کی جائے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مرض کو ختم کرنے کے بجائے مریض کو ختم کرنے میں ہی عافیت محسوس کرتی ہے۔ ٹارگٹ کلنگ، اسٹریٹ کرائمز اور دیگر جرائم پر قابو پانے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے بجائے ڈبل سواری پر پابندی وزارت داخلہ اور سیکوریٹی اداروں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ امن و امان بحال کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کے بجائے ڈبل سواری پر پابندی عائد کرکے کراچی کے ڈیڑھ کروڑ شہریوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، ڈبل سواری پر پابندی فی الفور ختم کی جائے۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر ظالمانہ پابندی عائد کرکے عوام کے بنیادی حقوق چھینے جارہے ہیں، اگر ڈبل سواری پر پابندی سے امن و امان کا تعلق ہوتا تو یہ تجربہ حکومت پہلے بھی کئی بار کرچکی ہے مگر قتل و غارت گری اور جرائم میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ ہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں لیکن پولیس اور انتظامیہ ان پر ہاتھ ڈالنے کے بجائے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر رہی ہے جو مجرمانہ فعل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبل سواری پر پابندی حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، عوام پہلے ہی بدامنی، غربت، بیروزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور اسٹریٹ کرائمز و قتل و غارت گری کے ہاتھوں ستائے ہوئے ہیں اس پر مزید ستم یہ کہ ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جارہی ہے جس سے کراچی کے شہریوں کی مشکلات میں ناقابل ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت ڈبل سواری پر عائد پابندی فی الفور ختم کرے۔
خبر کا کوڈ : 151768
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش