0
Wednesday 9 May 2012 23:12

پاک ایران گیس منصوبہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، طارق خٹک

پاک ایران گیس منصوبہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، طارق خٹک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل محمد طارق خٹک کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا اثر براہ راست عام آدمی پر پڑتا ہے کیونکہ پاکستان بے تحاشا قدرتی وسائل رکھنے کے باوجود ایندھن کی ضروریات کا صرف 15 فیصد پورا کرتا ہے۔ پاکستان آج بھی اپنی 85 فیصد پٹرولیم مصنوعات باہر سے خریدتا ہے جبکہ قدرتی گیس کیلئے بچھائی گئی پائپ لائنز موجودہ آبادی کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ایران سے گیس منصوبہ ناگزیر ہے۔ یہ منصوبہ ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس منصوبہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، اس ضمن میں کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائیگا۔ منصوبے سے حاصل ہونے والی 750 ملین مکعب فٹ گیس سے 40 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران سے گیس لانا ملک کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہے ایران، ترکمانستان گیس منصوبے پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول نہیں کیا جائیگا۔ پارلیمنٹ پاک ایران گیس منصوبے پر کسی کے پریشر میں نہ آنے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر چکی ہے۔ لہٰذا یہ منتخب پارلیمنٹ کا فیصلہ ہے۔ جہاں تک سوال ایران سے مہنگی گیس کی خریداری کا ہے تو عوام کیلئے یہ بات جاننا انتہائی ضروری ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان کو 750 ملین مکعب فٹ گیس دستیاب ہو گی۔ یہ گیس شاید پاکستانی گیس سے کچھ مہنگی بھی ہو، لیکن 750ملین مکعب فٹ گیس کے ذریعے 40 ہزار میگا واٹ تک بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ ہم اس گیس کو صرف بجلی کی پیداوار کیلئے استعمال کرینگے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 5 ہزار میگا واٹ شارٹ فال ہے یعنی پاک ایران گیس منصوبے کی تکمیل سے ہمارے پاس 35 ہزار میگا واٹ بجلی فاضل ہو گی۔ جو دوسرے ممالک پر فروخت بھی کی جا سکے گی، جہاں تک بات منصوبے کیلئے رقم کی دستیابی کی ہے تو یہ بات درست ہے کہ چین کے ایک بینک نے مطلوبہ رقم فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جو اب بیک فٹ پر چلا گیا ہے، تاہم اس منصوبے کیلئے خود ایران نے فنڈز کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔ تاہم اس پیشکش کو قبول کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 160452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش