0
Monday 14 May 2012 14:45

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو بھر پور مزاحمت کرینگے، مذہبی جماعتیں

نیٹو سپلائی بحال ہوئی تو بھر پور مزاحمت کرینگے، مذہبی جماعتیں
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کی مذہبی جماعتوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے نیٹو سپلائی کی گوادر کے راستے بحالی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل و کرپٹ صوبائی حکومت اپنی عیاشیوں کے لئے کرپشن کا ایک اور دروازہ کھولنا چاہتی ہے۔ جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ نیٹو سپلائی کی بحالی کی صورت میں بھرپور سیاسی مزاحمت کرینگے۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر عبدالمتین اخوندزادہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے صوبے کے سربراہ ایک ایسے دیوانے ہیں جو بغیر سوچے سمجھے بیانات دیتے ہیں۔ گوادر کے نام پر اب تک سیاست کی گئی ہے، گوادر کے عوام کو پینے کا پانی اور زندگی کی بنیادی سہولیات کے حوالے سے آج تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔ لیکن نیٹو سپلائی کی بحالی کے لئے جان ہلکان کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جو ذمہ داری بنتی ہے وہ تو آج تک پوری نہیں کرسکی۔ مسائل کے حل کی بجائے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔
 
جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم گوادر پورٹ کے راستے نیٹو سپلائی کی مذمت کرتے ہیں، اس طرح کر پیشکش قابل مزاحمت ہے، وزیر اعلیٰ نے جے یو آئی کو اعتماد میں لیے بغیر یہ اعلان کیا ہے، جے یو آئی صوبائی حکومت سے اپنی حمایت واپس لے سکتی ہے، گوادر صرف بلوچستان کا نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کا گیٹ وے ہے۔ جمیعت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالقادر لونی نے کہا کہ دینی اور مذہبی جماعتوں کا موقف انتہائی واضح ہے، ہم نے حکومت کو دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اگر نیٹو سپلائی بحا ل کی گئی تو پر امن جدوجہد کے ذریعے نیٹو سپلائی کا راستہ روکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے ہمیں بھکاری بنادیا ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ مشر ف دور کی پالیسیاں جاری ہیں، لیکن آج تک ملکی معیشت پر کوئی مثبت اثر نہیں پڑا۔ لہٰذا نیٹو سپلائی کی بحالی بے سود ہے۔ جمعیت علماء اسلام س کے مرکزی سیکرٹری مولانا عبدالرشید شروردی نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی چلنے نہیں دی جائے گی۔ مرکزی سطح پر دفاع پاکستان کونسل جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کے پابند ہونگے۔ ملکی دفاع اور اسلام کی سربلندی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جماعت الدعوۃ کا کہنا ہے کہ حکومتی سطح پر اگر نیٹو سپلائی کی بحالی کا کوئی فیصلہ کیا جاتا ہے تو دفاع پاکستان کونسل عوامی طاقت کے ذریعے نیٹو سپلائی کا راستہ روکے گی۔
خبر کا کوڈ : 161680
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش