0
Friday 18 May 2012 16:09

پاکستان میں بھی ایک نیا تحریر اسکوائر بنائیں گے، محمد حسین محنتی

پاکستان میں بھی ایک نیا تحریر اسکوائر بنائیں گے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ حکمراں اتحاد کا پانچ سالہ دور نا کامی، کرپشن، غربت اور مہنگائی اور توانائی کے بدترین بحران سے عبارت ہے، جماعتِ اسلامی ہی ملک اور قوم کو بحران سے نکال سکتی ہے، رابطہ عوام مہم امید کی کرن ثابت ہو رہی ہے۔ 10 جون کو شام 5 بجے لسبیلہ چوک پر جلسہ اسلامی انقلاب منعقد کیا جائے گا، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، سیکریٹری لیاقت بلوچ اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ اس بات کا اعلان جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع شرقی کی امیر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلع شرقی کے سیکریٹری عبدالوہاب، نائب امیر پروفیسر شکیل صدیقی، سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں عوامی طاقت اور اتحاد نے عالمی سیاسی منظر نامہ یکسر تبدیل کردیا ہے، کسی کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ استعماری طاقتوں کے ایماء پر قائم حسنی مبارک کے اقتدار کو کوئی چیلنج کرسکے گا اور نصف صدی سے زیادہ معتوب رہنے والی اسلامی تحریک ’’ اخوان المسلمون ‘‘ مصر کی حکمراں طاقت بن کر ابھرے گی، اس عظیم الشان اور بابرکت تبدیلی کی بنیادی وجہ استعماری اور استحصالی نظام کی ناکامی ہے۔ دنیا بھر کے انسان ظلم و استحصال سے پاک ایسے سیاسی و اقتصادی نظام کے متلاشی ہیں جو انہیں دنیوی خوشحالی کے ساتھ روحانی سکون کی بھی ضمانت دے سکے اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ضمانت صرف اسلامی نظام ہی فراہم کر سکتا ہے۔ ہماری کوشش بھی یہ ہے کہ پاکستان بھی تحریر اسکوائر کی طرح کی جدوجہد سے گزر کر اسلامی انقلاب سے ہمکنار ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 18 کروڑ عوام گذشتہ 65 برسوں سے ظلم و استحصال کی چکی میں پس رہے ہیں اور امن و انصاف اور خوشحالی کے خواب اپنی آنکھوں میں سجائے کبھی ایک بڑی جماعت کو تو کبھی دوسری بڑی جماعت کو اور کبھی ان سے مایوس ہوکر فوجی جرنیلوں کی طرف دیکھنے اور حالات کے بدلنے کا انتظار کرتے رہتے ہیں لیکن ان کی توقعات اور امیدیں کسی سے بھی پوری نہیں ہو رہیں۔ ملک کے داخلی اور خارجی حالات روز بروز خراب سے خراب تر ہوتے جارہے ہیں، حکمراں اتحاد کا پانچ سالہ دور ناکامی، کرپشن، غربت اور مہنگائی اور توانائی کے بدترین بحران سے عبارت ہے۔ عوام کے مسائل و مشکلات میں کمی کے بجائے اس میں اضافہ ہوا ہے امریکی استعمار کی مداخلت و جارحیت نے ملک کی آزادی اور سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے قومی امور و مسائل، داخلی و خارجی ایشوز اور عوام کے مسائل و مشکلات پر آواز بلند کی اور عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام میں جماعت اسلامی کی پذیرائی اور مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور عوام امید بھری نظروں سے جماعت اسلامی کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہم قوم کو یقین اور اعتماد دینا چاہتے ہیں کہ جماعت اسلامی تمام داخلی اور خارجی مخالفتوں کے باوجود عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اس مقصد کیلئے جماعت اسلامی کی عوامی بیداری کی رابطہ مہم پورے ملک میں جاری ہے لاکھوں لوگوں سے رابطے کیے جارہے ہیں، جماعت اسلامی کا منشور گھر گھر پہنچایا جا رہا ہے عوامی پذیرائی نہایت حوصلہ افزاء ہے، عوام بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے ممبر بن رہے ہیں اور اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی عوامی بیداری اور رابطہ مہم کے سلسلے میں 10 جون 2012 کو جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام 5 بجے شام لسبیلہ چوک کراچی میں ایک عظیم الشان ’’ جلسہ اسلامی انقلاب ‘‘ منعقد کیا جارہا ہے اس جلسہ سے مقامی و صوبائی قیادت کے علاوہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ خطاب فرمائیں گے’’ جلسہ اسلامی انقلاب ‘‘ ملک میں ایک پائیدار اور بامعنی سیاسی و جمہوری تبدیلی، ایسی تبدیلی جو امریکی مداخلت، دباؤ اور جارحیت سے پاک اور ایک آزاد و خوددار قوم کے شایانِ شان ہو یہ جلسہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی اسلامی فلاحی مملکت بنانے اور ہر شہری کی جان و مال، عزت و آبرو، تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کی ضمانت ثابت ہوگا، سید منور حسن ’’ جلسہ اسلامی انقلاب ‘‘ میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے یہ جلسہ امریکی غلامی سے نجات اور قوم کی خوشحالی کی نوید ثابت ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 163044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش