0
Saturday 26 May 2012 21:34

شیری رحمان کا بھارتی ایجنٹ سربجیت سنگھ کو بھارت کے حوالے کرنے کا بیان شرمناک ہے، منور حسن

شیری رحمان کا بھارتی ایجنٹ سربجیت سنگھ کو بھارت کے حوالے کرنے کا بیان شرمناک ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے بزدلانہ اور معذرت خواہانہ رویے سے شہ پا کر امریکہ کے بعد اب بھارت کو بھی جرأت ہو گئی ہے کہ وہ حافظ محمد سعید کی بولی لگائے اور بے حمیت حکمرانوں کو 10 ملین کا لالچ دے کر کسی بھی قومی راہنماء کا سودا کر لے۔ بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت کے وزیر داخلہ کے بیان پر سخت احتجاج کیا جائے اور یہ بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا جائے۔ بھارت کو اگر بھکاری حکمرانوں سے کسی جرأت کی توقع ہوتی تو وہ کبھی حافظ محمد سعید کو خریدنے کی بات نہ کرتا، حکمران بےگناہ پاکستانی شہریوں کو پکڑ کر بلا جواز بیس بیس سال کال کوٹھڑیوں میں رکھنے اور بدترین ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے والے بھارت کے سامنے بچھے جا رہے ہیں اور اس کی خوشنودی کیلئے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے سینکڑوں واقعات اور تخریبی کارروائیوں میں درجنوں معصوم شہریوں کو خون میں نہلانے والے را کے ایجنٹوں کو خیر سگالی کے نام پر بھارت کے حوالے کیا جا رہا ہے، امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کا بھارتی ایجنٹ سربجیت سنگھ کو ایک ہفتے کے اندر بھارت کے حوالے کرنے کا بیان انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے، سربجیت سنگھ پاکستان میں بم دھماکوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک و قوم پر برائے فروخت کا لیبل لگا دیا ہے اب جس کا جی چاہے چند ڈالروں کے عوض ہماری عزت و وقار کو خاک میں ملا دے۔ بھارت کی طرف سے 10ملین کے عوض حافظ سعید کو حوالے کرنے کی پیشکش پر شدید ردعمل کا ا ظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی جو اپنے رشتہ داروں کو ملنے یا تجارت کی غرض سے بھارت گئے تھے، بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہتھے چڑھ کر اذیت خانوں میں سال ہا سال سے صرف پاکستانی ہونے کی سزا بھگت رہے ہیں اور کوئی ان کا پرسان حال نہیں ہے، بھارت کا رویہ اپنے مسلمانوں شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا ہے اور ہندو اکثریت نے آج تک ان کو ہندوستان کا شہری تسلیم نہیں کیا بلکہ انہیں بھارت سے نکل جانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ بھارت نے بابری مسجد سمیت سینکڑوں مساجد کو جلا کر مسمار کر دیا گیا ہے اور مسلمانوں سمیت بھارتی اقلیتوں کو مذہبی آزادی حاصل نہیں، ہندوؤں نے کشمیری مسلمانوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے ان کی نسل کشی کرتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو موت کی نیند سلا دیا ہے اور ہزاروں کشمیری نوجوان ہندوستانی جیلوں میں بند ہیں مسلمانوں کے کھیت اور کھلیان، دکانیں اور گھر جلا دیئے جاتے ہیں، معصوم بچوں کو ذبح کر دیا جاتا ہے اور ہزاروں عورتوں کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا گیا ہے لیکن غیرت قومی سے عاری پاکستانی حکمرانوں نے بے حسی اور بے شرمی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں اور اسی بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دیکر اس کے چرنوں میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ و بھارت کے سامنے سرنگوں ہونے والے حکمران ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اگر یہ برسر اقتدار رہے تو ملکی سلامتی اور خودمختاری کو شدید خطرہ رہے گا اب محب وطن جماعتوں کو متحد ہوکر انہیں ایوان اقتدار سے نکالنا ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 165796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش