0
Saturday 21 Jul 2012 21:20

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے کام کا آغاز کیا جائے، الطاف حسین

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے کام کا آغاز کیا جائے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کی مجموعی اور بین الاقوامی صورتحال اورحالات و واقعات کے پیش نظر اپنا جو تجزیہ پیش کیا تھا اس کا تقاضہ ہے کہ ملک کو درپیش خطرات سے باہر نکالنے اور ہر قسم کے سخت اور کڑے حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ملک میں امن و استحکام، یکجہتی، بھائی چارے، مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے بیک وقت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال کی روشنی میں امن و استحکام، یکجہتی اور سیاسی، مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے فوری طور پر اپنے وفود تشکیل دیکر ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، تمام مذاہب کے اکابرین، دانشوروں، مفکروں، نشریاتی اداروں کے سینئر تجزیہ کاروں اور انسانی حقوق کی انجمنوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی و نظریاتی اور ذاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر ہنگامی بنیادوں پر سب سے بات چیت کریں۔ امن و استحکام، یکجہتی، بھائی چارے اور سیاسی، مذہبی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے قیام کیلئے اس کام کا آغاز تین روز کے اندر شروع کردیا جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ امن و بھائی چارے اور ہم آہنگی کیلئے سیاسی و نظریاتی اختلاف کو بالائے طاق رکھ کر ملاقاتوں اور بات چیت کا یہ اقدام نہ صرف ملک میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے نیک قدم ہوگا بلکہ رمضان المبارک کی آمد پر ملک و قوم کیلئے ایک تحفہ سے کم نہ ہوگا اور اللہ کی رحمت و برکت بھی نازل ہوگی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری اس نیک کاوش کو قبول فرمائے۔
خبر کا کوڈ : 180932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش