0
Wednesday 1 Aug 2012 18:42

نظام ولایت فقیہہ عالم بشریت کیلئے منارہ ہدایت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

نظام ولایت فقیہہ عالم بشریت کیلئے منارہ ہدایت ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مرکز تحقیقات اسلامی جامشورو کے تحت اٹھارہویں سالانہ خمسہ فہم اسلام کے سلسلے کے دوسرے سیمینار کا انعقاد جامشورو میں کیا گیا۔ سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ’’ولایت فقیہہ‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کی شوریٰ عالی کے رکن علامہ حیدر علی جوادی، سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی، حیدر آباد کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا امداد نسیمی، کراچی ڈویژن کے رہنما جنرل فاضل عباس، راجہ احسن عباس جعفری اور وصی محمد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ سیمینار میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نظام ولایت فقیہہ وہ نظام ہے کہ جو انسان کو خدا کے قریب کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، سیکولر ازم، سوشل ازم، کمیونزم اور نیشنلزم کا آئمہ کرام (ع) کے دیئے ہوئے نظام سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ نظام ولایت فقیہہ عالم بشریت کے لئے منارہ ہدایت ہے، یہ وہ نظام ہے کہ جو عالمی طاغوتوں سے برسرپیکار ہے، آج مصر، لبنان، پاکستان، بحرین، یمن اور دیگر ممالک کے مسلمان عالمی طاغوتوں کے خلاف برسر پیکار ہیں تو اس کا اصل مرکز و محور نظام ولایت فقیہہ اور ولی فقیہہ آیت اللہ خامنہ ای کی ذات ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں شیعہ ہونے کے ناطے اپنے خدا کا شکر ادا کرنا چاہیئے کہ اس نے امام زمانہ (عج) کی غیبت کبریٰ کے دور میں ہمیں ولایت فقیہہ کے نظام کی نعمت سے نوازا اور ہمیں خمینی بت شکن اور خامنہ ای جیسی شجاع قیادت بخشی۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آج پاکستان میں ہمیں زیادہ سے زیادہ نظام ولایت فقیہہ کی ترویج کرکے شیعہ قوم سمیت تمام امت مسلمہ حتیٰ غیر مسلموں کو بھی آئمہ کرام (ع) کے دیئے ہوئے اس نظام کی طرف دعوت دینی چاہیئے، یہ ہمارا دینی و شرعی وظیفہ ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ عالمی طاغوتوں نے خائن مسلم حکمرانوں کے ساتھ مل کر شام کو کمزور کرنے کے لئے اپنا قدم اٹھایا ہے، اگر یہ خائن مسلم حکمران فلسطین کے مسئلے پر مخلص ہوتے تو اسرائیل کا وجود ہی باقی نہ رہتا اسی طرح اگر یہ حکمران کشمیر کے مسئلے کی جانب توجہ کرتے تو یہ مسئلہ حل ہوچکا ہوتا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ امریکہ کی غلامی میں مصروف خائن مسلم حکمران عالمی استعمار کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اپنے ممالک کی عوام کی خواہشات کے برعکس عمل کر رہے ہیں، لیکن ایسا زیادہ دیر نہیں چلے گا، مصر کی عوام نے ثابت کر دیا کہ یہ فارمولا زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے اور انشاءاللہ شام میں امریکی و اسرائیلی سرپرستی میں مزاحمت اسلامی کی حامی حکومت کے خلاف لڑنے والے دہشت گرد جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
خبر کا کوڈ : 184136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش