0
Saturday 11 Aug 2012 06:58

نواز شریف عمران خان کے 11 سوالوں پر خاموش کیوں ہیں، جاوید ہاشمی

نواز شریف عمران خان کے 11 سوالوں پر خاموش کیوں ہیں، جاوید ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے پنجرے کا دروازہ کھل گیا ہے اور پنچھی اڑنا شروع ہو گئے ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ کے پاس جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں کوئی امیدوار نہیں ہوگا۔ ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں نے ن لیگ کو ہائی جیک کر لیا ہے۔ چوہدری نثار ملک میں مارشل لاء لگنے کا باعث بنے رہے۔ پٹواری کی سیاست کرنے والا وزیر اعلیٰ نہیں بن سکتا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے 6 مرتبہ عدالتی اختیارات کم کرنے کی کوشش کی۔ میری بیٹی اور چار سالہ نواسی کو نیب عدالت میں کھڑا کیا گیا۔ ہم ان کے بچوں کا نام لیتے ہیں تو یہ برا مناتے ہیں۔ ایٹمی دھماکوں کی سب سے زیادہ مخالفت کرنے والا چوہدری معافی (چوہدری نثار) عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کا اعتماد خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ چوہدری نثار اپنے اثاثوں اور بچوں کی دوہری شہریت کا جواب دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی سہ پہر ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ چوہدری نثار بتائیں کہ وہ 2 سال کہاں غائب رہے۔ 2000ء کے مارشل لاء میں 8 بھگوڑوں نے معافی مانگ کر جان چھڑوائی جن میں خواجہ آصف، اسحاق ڈار اور پرویز رشید بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کہتے ہیں کہ زرداری کے بعد ان کی باری ہے۔ اگر چوہدری نثار میں ہمت ہے تو میرے سامنے آ کر بیٹھے۔ چوہدری نثار نے مشرف اور نواز شریف میں لڑائی کروائی اور ملک میں مارشل لاء بھی اسی کی وجہ سے لگا۔ ہمارے بچے جیل اور ان کے بچے باہر کے ملکوں میں تھے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ ن لیگ نے کارکنوں کا خون تک بیچ دیا، میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں نے آج ن لیگ کو ہائی جیک کر رکھا ہے اور قربانیاں دینے والوں کو کوئی پوچھتا بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات پر بات کرنا ہمارا حق ہے۔ چوہدری نثار ایٹمی دھماکوں کی مخالفت میں سب سے آگے تھے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ چوہدری نثار اپنے نمبر بنانے کے لئے تحریک انصاف کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ نواز شریف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 11 سوالوں پر خاموش کیوں ہیں؟ چوہدری نثار میں ہمت ہے تو وہ اپنے اثاثوں اور بچوں کی دوہری شہریت بارے قوم کو آگاہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 186453
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش