0
Tuesday 14 Aug 2012 15:43

عید کے بعد انتہاء پسندی کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے، پاکستان سنی تحریک

عید کے بعد انتہاء پسندی کے خلاف تحریک کا آغاز کریں گے، پاکستان سنی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک رنچھوڑ لائن سیکٹر کے انچارج حافظ محمد عارف قادری کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر مزارات شہدائے عید میلاد النبیﷺ کے باہر، ایم اے جناح روڈ پر ادا کردی گئی جبکہ میت کو نیو کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ حافظ محمد عارف کی نماز جنازہ پی ایس ٹی کے مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری نے پڑھائی جبکہ اس موقع پر مرکزی رہنماء محمد شکیل قادری، ارکان رابطہ کمیٹی مبین قادری، آفتاب قادری، فہیم الدین شیخ، محمد سلیم قادری کے علاوہ مختلف علاقوں کے سیکٹر انچارجز، ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محمد شاہد غوری نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام اور امن و امان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زبانی جمع خرچ سے کام کر رہی ہیں اور کسی قسم کا عملی اقدام نظر نہیں آرہا ہے۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ اگر ملکی بقاء اور سلامتی اور امن و امان کے قیام کے لئے کام کرنا ہمارا جرم ہے تو آج اس بات کا ہم برملا اعلان کرتے ہیں کہ یہ جرم ہم اب روز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رنچھوڑ لائن کے سیکٹر انچارج حافظ عارف قادری کا جنازہ ہمیں محب وطنی پر 14 اگست کے تحفہ کے طور پر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پرامن پالیسی کو کمزوری تصور نہ کیا جائے کیونکہ اگر ہم نے اپنے شہداء کے قاتلوں کا پتہ لگانے کی ٹھان لی اور ملک سے انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کا تہیہ کرلیا تو ہمیں روکنے والی کوئی طاقت موجود نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ سیاسی مصلحت پسندی کی بھینٹ چڑھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور عید کے باعث ہم اپنے شہید کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے کوئی کال نہیں دے رہے ہیں ،لیکن عید کے فوراً بعد شہر میں پی ایس ٹی کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ اور شہر میں انتہاء پسندی کے خلاف بھرپور تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے لیکن موجودہ حکومت اور انتظامیہ اپنی یہ ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ محمد شاہد غوری نے گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ اور ملکی سلامتی کے حساس اداروں کے اعلیٰ اہلکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عارف قادری سمیت دیگر کارکنان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کے مکروہ چہروں کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ اس موقع پر سیکوریٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کی بھاری نفری نے ایم اے جناح روڈ اور اطراف کے علاقوں کو مکمل طور پر سیل کردیا تھا جبکہ ایم اے جناح روڈ پر صدر سے ٹاور جانے والا ٹریفک ٹریک مکمل طور پر بند رہا جس سے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔
خبر کا کوڈ : 187451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش