0
Thursday 23 Aug 2012 09:08

یوم القدس کانفرنس بھارت

یوم القدس کانفرنس بھارت
بھارتی ریاست حیدر آباد میں القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر آباد میں متعین ایران کے قونصل جنرل محمود صفری نے کہا کہ جب تک مسئلہ فلسطین کو حل نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی ناممکن ہے، اسرائیل کی غاصبانہ حکومت مسلمانوں کے قلب میں خنجر گھونپ کر بنائی گئی ہے اور امریکہ و مغربی ممالک کی پشت پناہی کی وجہ سے اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی زیادہ دنوں تک برقرار نہیں رہ سکتی، گذشتہ 65 سال سے اسرائیل، فلسطین کے معصوم بچوں، خواتین اور ضعیف لوگوں کو اپنی بربریت و ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے اور 80 فیصد فلسطینی جلا وطنی کی زندگی گزار رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ 33 سال قبل رہبر انقلاب اسلامی جمہوریہ ایران امام خمینی (رہ) نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دیا تھا، تاکہ اس کے ذریعہ سے نہ صرف فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کیا جائے، بلکہ تمام عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آواز اٹھائی جائے۔
 
تحریک امام مہدی (عج) حیدر آباد کی جانب سے مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں منعقدہ یوم القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی قونصل جنرل محمود صفری نے کہا کہ حکومت ایران شام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر اس ملک کی حمایت و تائید کرتی ہے جو اسرائیل کے خلاف ہے، محمود صفری نے کہا کہ اگر ہمیں کامیاب ہونا ہے تو اسلام کے بتائے ہوئے راستہ پر گامزن ہونا ناگزیر ہے۔
 
رحیم قریشی جنرل سکرٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ و صدر تعمیر ملت ہند نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام متحد ہو جائے تو اسرائیل کو ختم کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے اور جب تک ہم قوت و طاقت بن کر نہیں ابھریں گے، اس وقت تک فلسطین کو آزاد کروانا ناممکن ہے، انہوں نے کہا کہ ایران قابل مبارکباد ہے کہ وہ ایک نیوکلئیر طاقت بننے کی کوشش کر رہا ہے، آج امریکہ و برطانیہ مسلمانوں کے درمیان باہمی عداوت اور مسلکی اختلافات کو فروغ دے رہے ہیں، تاکہ مسلمانوں کی ساری توانائیاں آپسی اختلافات میں ہی ختم ہوجائیں اور وہ اپنے اصل مسائل کی طرف متوجہ نہ ہوں۔
 
سید جعفر حسین ایڈیٹر روزنامہ صدائے حسینی نے یوم القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کے اسرائیل سے بڑھتے ہوئے تعلقات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیل کی غاصبانہ حکومت کو بی جے پی کے دور حکومت میں تسلیم کیا گیا اور اب آسام کے مسلمانوں کو بنگلہ دیشی قرار دیتے ہوئے لاکھوں مسلمانوں کو پناہ گزین زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا گیا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے؟ کیا یہ درست ہے جبکہ ساری دنیا جانتی ہے کہ اسرائیل خطہ عرب میں ناجائزہ طور پر بسایا گیا۔
 
اپنے صدارتی کلمات میں مولانا تقی رضا عابدی نے کہا کہ بیت المقدس تمام مسلمانوں کی تقدیر سے وابستہ ہے اور دہشت گردی کی ساری جڑیں اسرائیل سے جا کر ملتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالموں کی پہچان اسرائیل ہے، ان دنوں مشرق وسطیٰ کے حالات انتہائی تشویش ناک ہیں، شام میں حضرت زینب بن حضرت علی (ع) کے حرم کا تحفظ ضروری ہے، دشمن اسلام روضہ کو منہدم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ہمیں احتجاج کے ذریعہ ان کے منصوبوں کو ناکام کرنا ضروری ہے، لہٰذا ہر مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی صلاحیت و قابلیت اور پیشہ کے اعتبار سے فلسطین کی حمایت کرے اور ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے۔
خبر کا کوڈ : 189271
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش