0
Sunday 26 Aug 2012 15:22

ایک جماعت مظلوموں کو شیعہ سنی میں تقسیم کرکے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، اسد اللہ بھٹو

ایک جماعت مظلوموں کو شیعہ سنی میں تقسیم کرکے لاشوں کی سیاست کر رہی ہے، اسد اللہ بھٹو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ ظالم اور قاتل کو کسی بھی زبان اور مسلک سے تعلق رکھنے کے باوجود کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ ظالم اور مظلوم کو فرقہ اور زبان پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی مسلک اور زبان کا امتیاز کیئے بغیر ہر مظلوم کی حامی اور ظالم کی مخالف ہے۔ زبان اور مسلک کی بنیاد پر تقسیم مزید بدامنی کا باعث بنے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک امن پسند اور احترام انسانیت کا درس دینے والا مذہب ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور ملک میں امن و امان قائم کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے اور صوبائی دارالحکومت کراچی میں گذشتہ ساڑھے چار سال سے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، دہشت گردی و بوری بند لاشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے الزامات حکمران جماعتیں اسمبلی کے اندر و باہر ایک دوسرے پر لگاتی رہتی ہیں لیکن اب جیسے جیسے حکومت کی مدت پوری ہورہی ہے اور انتخابات قریب آرہے ہیں تو ایک لسانی جماعت نے مقتولوں اور مظلوموں کو شیعہ سنی میں تقسیم کرکے لاشوں کی سیاست کردی ہے جبکہ حکومت میں رہ کر وہ جماعت بلا تخصیص سب کی جان و مال کی حفاظت کرنے کے فرض کو وہ ادا نہیں کر سکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مظلوموں اور مقتولوں کو زبان و مسلک کی بنیاد پر تقسیم کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی قاتل اور ظالم کو زبان و مسلک کی بنیاد پر تقسیم کیا جا سکتا ہے کیونکہ ظالم اور مظلوم کی مسلک و زبان کی بنیاد پر تقسیم مزید بدامنی کا باعث بنے گی۔ جماعت اسلامی فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے گھناؤنے عمل کی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ قاتل اور ظالموں کو بلا تخصیص کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے سخت اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 190154
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش