0
Saturday 8 Sep 2012 04:18

بلدیاتی آرڈیننس، اے این پی کا قومی اسمبلی اور سینٹ سیشن کے بائیکاٹ کا اعلان

بلدیاتی آرڈیننس، اے این پی کا قومی اسمبلی اور سینٹ سیشن کے بائیکاٹ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سندھ لوکل باڈیز آرڈیننس کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی نے قومی اسمبلی اور سینٹ سیشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ سندھ بلدیاتی آرڈیننس پر اتحادیوں اور عوام کو اعتماد میں نہیں لیا گیا جس کے باعث سندھ میں اے این پی کا واحد وزیر صوبائی کابینہ سے مستعفی ہو رہا ہے۔ اے این پی کی رہنما بشریٰ گوہر کا کہنا تھا کہ ہم سندھ اور وفاق میں پیپلز پارٹی کے اتحادی ہیں، ہمیں اس آرڈیننس کے بارے میں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا یہ آرڈیننس صرف ایک پارٹی کو خوش کرنے کے لئے جاری کیا گیا، راتوں رات کئے گئے فیصلے ہمیں قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرڈیننس کی واپسی تک پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا بائیکاٹ جاری رہے گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم اور اے این پی کی جنگ نہیں، یہ وہاں کے عوام کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے آرڈیننس کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بلدیاتی انتخابات ایک دو مہینے میں منعقد ہی نہیں کرانا تو آرڈیننس جاری کرنے کا کیا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرڈیننس جاری کرنا آمر وں کا کام ہے، جمہوری حکومت میں اس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
خبر کا کوڈ : 193550
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش