0
Wednesday 12 Sep 2012 23:32

سانحہ گارمنٹس فیکٹری، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان

سانحہ گارمنٹس فیکٹری، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیہ ٹاؤن میں فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 228 سے زائد محنت کشوں کی شہادت کے المناک سانحہ پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں اس المناک واقعہ کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ اس سانحہ کے سوگ میں تین روز تک ایم کیو ایم کی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور پہلے سے طے شدہ تمام تنظیمی پروگرام اور سیاسی اجتماعات ملتوی کردیئے گئے ہیں تاکہ پوری توجہ امدادی سرگرمیوں پر مرکوز رکھی جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تین روزہ سوگ کے سلسلے میں بلدیہ ٹاؤن کراچی اور گزشتہ روز لاہور میں آتشزدگی کے سانحہ کے شہداء کے لئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے، بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی، پارٹی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سانحہ میں شہید ہونے والے کراچی سمیت پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور اندرون سندھ کے محنت کشوں کی میتیں ان کے آبائی شہروں میں پہنچانے کے انتظامات ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے کئے جائیں گے۔ رابطہ کمیٹی نے تمام ذمہ داروں، کارکنوں اور منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ سانحہ کے شہداء کی تجہیز و تکفین کے انتظامات میں بھرپور حصہ لیں، لواحقین کا غم بانٹیں۔ رابطہ کمیٹی نے کاروباری حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سانحہ کے سوگ میں اپنی دکانوں اور بازاروں پر سیاہ پرچم لہرائیں اور شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک ہوں۔

رابطہ کمیٹی نے صدر آصف زرداری، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کے متاثرین کیلئے فی الفور معاوضہ کا اعلان کیا جائے۔ سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں، فیکٹری مالکان سمیت جو بھی اس سانحہ کے ذمہ دار ہوں ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز لاہور میں فیکٹری میں آتشزدگی کے سانحہ میں درجنوں افراد کے شہید ہونے پر بھی دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کی تحقیقات کرائی جائے اور سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 194932
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش