0
Saturday 22 Sep 2012 15:41

آج کوئی شیعہ، سنی، بریلوی، دیوبندی نہیں بلکہ سب غلام رسولؐ ہیں، علامہ عباس کمیلی

آج کوئی شیعہ، سنی، بریلوی، دیوبندی نہیں بلکہ سب غلام رسولؐ ہیں، علامہ عباس کمیلی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ بین المسلمین فورم کے سینئر نائب صدر علامہ عباس کمیلی نے کہا ہے کہ رسول اکرمؐ کے بارے میں گستاخانہ فلم کے خلاف تمام مسلم امہ ایک ہوچکی ہے اور مسلم امہ کے نام پر پیدا کی گئی تمام فرقہ بندیاں اور تفرقے ختم ہوچکے ہیں اور آج کوئی شیعہ، سنی، بریلوی، دیوبندی نہیں بلکہ سب غلام رسول ﷺ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب پر گستاخانہ فلم کے خلاف متحدہ بین المسلمین فورم کے زیر اہتمام منعقد کیے گئے پرامن احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب، متحدہ بین المسلمین فورم کے نائب صدر مولانا اسد دیوبندی، سیکرٹری جنرل مولانا شاہ فیروز الدین رحمانی، سمیع الحق گروپ کے جنرل سیکرٹری مولانا اسد تھانوی، صوبائی وزیر عبدالحسیب اور بشپ آف کراچی صادق ڈینیل نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین، صوبائی وزیر شیخ محمد افضل کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔ علامہ سید اظہر حسین نقوی، علامہ مرتضی رحمانی، مولانا حکیم ناصر بیگ، مولانا مجتبیٰ تھانوی، علامہ حمزہ تھانوی، علامہ اطہر مشہدی، سلسلہ عظیمیہ کے ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، علامہ سید باقر حسین زیدی، مولانا محمد شمیم خان، مولانا بشیر الحق تھانوی موجود تھے۔ احتجاجی مظاہرے میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی جن میں خواتین کے علاوہ ہندو، عیسائی اور سکھ کمیونٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 197616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش