0
Friday 28 Sep 2012 12:54

نواز شریف کیلئے بہتر ہے کہ وہ اپنے مشوروں کی دکان بند کردیں، شرجیل میمن

نواز شریف کیلئے بہتر ہے کہ وہ اپنے مشوروں کی دکان بند کردیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کے لئے بہتر ہے وہ اپنے مشوروں کی دکان بند کردیں۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ صدر مملکت کو استعفیٰ کا مشورہ دینے والے میاں نواز شریف کو بہت عرصہ قبل سیاست سے مستعفی ہوجانا چاہیے تھا ان کا یہ اقدام پاکستانی قوم کے لئے بہت فائدہ مند ہوتا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جیل کے مچھروں سے ڈر جانے والے اب اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئینی صدر مملکت کو مشورے دے رہے ہیں یہ نواز شریف کے دماغی خلل کا شاخسانہ ہے میرا ان کے لئے مشورہ ہے کہ وہ اپنا دماغی معائنہ جلد از جلد کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر مملکت کو پیپلز پارٹی کی سیاست سے الگ ہونے کا مشورہ وہ کس منہ سے دے رہے ہیں صدر مملکت پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین ہیں اور انہیں پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعت ہے جس کی جڑیں پاکستان کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں جبکہ میاں نواز شریف کی سیاست کا محور علاقائی تعصب اور کرپشن کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے اقوام متحدہ میں پوری امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کی ہے جس پر پاکستانی قوم بجا طور پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم کی شان میں کوئی مسلمان توہین برداشت نہیں کرسکتا اور صدر مملکت کا یہ مطالبہ کہ توہین رسالت کو عالمی برادری سنگین جرائم میں شامل کرے اور اس حساس موضوع پر محض تماشائی نہ بنے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ توہین رسالت جیسے واقعات سے تہذیبوں کے درمیان تصادم کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ مغربی دنیا صدر مملکت آصف علی زرداری کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو مشعل راہ سمجھتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرے۔
خبر کا کوڈ : 198969
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش