0
Sunday 30 Sep 2012 21:30
بارود والوں کا دور ختم اور درود والوں کا دور شروع ہونے والا ہے

امریکہ اور پاکستانی طالبان پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، فضل کریم

امریکہ اور پاکستانی طالبان پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ مصطفائی تحریک کے زیراہتمام ایوانِ اقبال لاہور میں ’’سدا سلامت پاکستان سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستانی طالبان کا مشترکہ ایجنڈا پاکستان کو کمزور کرنا ہے، بھارت اور امریکہ بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کی سرپرستی کر رہے ہیں، پاکستان کا جھنڈا جلانے والوں سے اتحاد کرنے والے سیاستدان ملک سے غداری کر رہے ہیں، جعلی قیادتیں اور جعلی نظام ناکام ہو چکے ہیں، انقلابِ نظامِ مصطفٰی ہی ملک کو بچا سکتا ہے۔

سیمینار کی صدارت مصطفائی تحریک کے مرکزی امیر میاں فاروق مصطفائی نے کی جبکہ مقررین میں انجمن طلباء اسلام کے مرکزی صدر سید جواد الحسن کاظمی، انجمن اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر محمد احمد اعوان، پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی صدر قاضی عتیق الرحمن، راؤ ارتضٰی حسین اشرفی، پیر محمد اطہر القادری اور دیگر شامل تھے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان کے لیے اہل حق کا سیاسی غلبہ ضروری ہے اور پاکستان کو بچانے کے لیے کرپٹ سیاستدانوں کو سیاست بدر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی دیمک نے پاکستان کو کھوکھلا کر دیا ہے اور مفاد پرست حکمرانوں اور سیاستدانوں نے قائداعظم کے پاکستان کو اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ بلوچستان کو پاکستان سے الگ کرنے کی عالمی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور عاشقانِ رسول ملک دشمنوں پر پاک سرزمین تنگ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا پوری جرأت کے ساتھ راستہ روکا جائے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ جن کی جائیدادیں اور اولادیں ملک سے باہر ہیں وہ پاکستان سے مخلص نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت (ص) کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سدباب کے لیے عالم اسلام کے مشترکہ لائحہ عمل کی تیاری کے لیے صدر پاکستان اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کریں۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم بنانے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے اجتماعی مجرم ہیں اس لیے امریکہ انہیں مسلمانوں کے حوالے کرے اور مسلم حکمران مجرموں کو سزا ملنے تک امریکہ سے سفارتی و تجارتی تعلقات ختم کریں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان تاقیامت سلامت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والے نوجوان پاکستان کے تحفظ، استحکام، بقاء اور سلامتی کے لیے میدان میں اتر آئیں، کیونکہ وقت آ گیا ہے کہ ملک کے غداروں کو نفرت کی علامت بنا دیا جائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ ہم ووٹ کی طاقت سے انقلابِ نظامِ مصطفٰی برپا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بارود والوں کا دور ختم اور درود والوں کا دور شروع ہونے والا ہے، بہت جلد پارلیمنٹ میں بھی ’’یارسول اللہ(ص)‘‘ کے نعرے گونجیں گے۔
خبر کا کوڈ : 199859
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش