0
Thursday 11 Oct 2012 11:48

طالبات کی وین پر فائرنگ کرنیوالے ٹولے کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، حجۃالاسلام عقیل خان

طالبات کی وین پر فائرنگ کرنیوالے ٹولے کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، حجۃالاسلام عقیل خان
اسلام ٹائمز۔ آج مسلمانان عالم کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا اور اس کی وجہ عقل و خرد سے بے بہرہ یزیدی ٹولے کے نظریات ہیں۔ اسلام دین منطق و دلیل ہے لیکن اس ٹولے کی وجہ سے لوگ اسلام سے دور ہو رہے ہیں اور دنیا میں اسلام کو صرف دھشتگرد مذہب کے نام سے یاد کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام عقیل حسین خان نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کے اس پالتو ٹولے نے پوری دنیا کے امن کو تباہ کیا ہوا ہے۔ اسلام جو دنیا میں بڑی تیزی سے پھیل رہا تھا، اس کا راستہ روکنے کے لئے شیطان بزرگ امریکہ اور اسرائیل نے ان دین فروش ملاوں کو استعمال کیا۔ جس کا نتیجہ اسلام سے نفرت اور بیزاری کی شکل میں سامنے آ رہا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یہی وہ لوگ ہیں جو ڈالروں کی خاطر اپنے وطن اور مسلمانوں کی جان و مال اور ناموس کو پامال کر رہے ہیں۔ افغانستان میں امریکہ نے ان کو سوویت یونین کے خلاف استعمال کیا اور اب بھی امریکہ ان کو پوری دنیا میں استعمال کر رہا ہے، صرف استعمال کا طریقہ کار بدل دیا ہے، افغانستان اور پاکستان میں چونکہ امریکہ کے ارادے لمبا عرصہ تک رہنے کے ہیں، اس لئے ان سے دشمنی کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے، لیکن شام میں یہی ٹولہ امریکہ کے شانہ بشانہ لڑ رہا ہے۔ کل یہی گروہ افغانستان پر امریکہ کے حملے کا سبب بنا تھا لیکن آج شام میں امریکہ کے ساتھ ایک پلیٹ کو چاٹ رہے ہیں۔

عقیل حسین خان نے کہا اس ٹولے نے مسلمانوں کے اندر تفرقہ کو رواج دیا اور بھائی کو بھائی سے لڑایا۔ مسلمانوں کے مختلف مسالک آج سے کچھ سال پہلے تک آپس میں قرآن کی تعلیمات کے عین مطابق یعنی "واعتصموا بحبل اللہ جمیعا و لاتفرقوا" پر عمل کرتے ہوئے زندگی بسر کر رہے تھے، لیکن جب سے برطانیہ نے وہابیت کا تخم بویا ہے، بھائی بھائی کا دشمن ہو گیا ہے۔ آج کفر و بدعت کے فتوے لگا کر یہ یزیدی ٹولہ مسلمانوں کا گلہ گاٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا اب تو انہوں نے بے حیائی کی حد ہی کر دی، ایک چھوٹی سی بچی کو بھی اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنایا، جبکہ بچی نے صرف ان پر تنقید کی تھی۔ ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل نے کہا اب حکومت، میڈیا، انصاف کے اداروں، این جی اوز، اسلام سے اور وطن سے پیار کرنے والوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ یہ لوگ صرف اہل تشیع کے دشمن نہیں ہیں، بلکہ یہ یزیدی انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔
خبر کا کوڈ : 202707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش