0
Tuesday 16 Oct 2012 04:18

صدر پاکستان کے عنقریب دورہ گلگت میں بہت سے اعلانات متوقع ہیں، پیر کرم علی شاہ

صدر پاکستان کے عنقریب دورہ گلگت میں بہت سے اعلانات متوقع ہیں، پیر کرم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے اور صدر پاکستان کے عنقریب دورہ گلگت کے موقع پر بہت سے اعلانات متوقع ہیں۔ گورنر سیکریٹریٹ گلگت میں وزیر قانون و پانی و بجلی وزیر شکیل احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن گلگت بلتستان کے عہدیداروں کریم خان، آصف علی میر، شہزاد نوری، مظفر ساول، ثاقب عمر اور دیگر سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پیر سید کرم علی شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے تمام امور کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ہے اور صدر پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے مسائل کو حل کرینگے اور عوامی امنگوں کے عین مطابق اقدامات اٹھائے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ حسن سے نوازا ہے، یہاں کے عوام محنتی اور پر خلوص ہیں مگر بدامنی کے باعث علاقے کی ترقی منجمد ہوکر رہ گئی ہے۔ اب اللہ کے فضل سے یہاں پر حالات نارمل ہیں اور عوام کے مابین بھائی چارگی اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ حکومت اس علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر یہاں سے غربت و بے روزگاری کو ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیگی۔ گورنر نے کہا کہ صدر پاکستان بہت جلد اس علاقے کا دورہ کرینگے اور صدر کے دورے کے بعد گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائیگی۔

صوبائی وزیر پانی و بجلی وزیر شکیل احمد اور پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں نے گورنر گلگت بلتستان پیر سید کرم علی شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گلگت بلتستان کے عوامی مسائل کو وفاق تک پہنچایا اور صدر پاکستان و شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کو گلگت بلتستان کے عوامی مسائل اور پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے مشکلات سے آگاہ کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداروں نے تاجکستان روڑ کو گلگت بلتستان کے ساتھ ملانے کے حوالے سے اقدامات کرنے پر زور دیا اور توقع ظاہر کی کہ گورنر گلگت بلتستان اس اہم معاملے کو سنجیدگی سے لینگے۔ ملاقات کے دوران حالیہ دہشتگردی کا نشانہ بننے والی قومی کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کے صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی اور دہشت گردوں کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 203941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش