0
Sunday 4 Nov 2012 22:36

اقتدار کے لئے مجھے امریکی سہارے کی ضرورت نہیں، عمران خان

اقتدار کے لئے مجھے امریکی سہارے کی ضرورت نہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جب میدان میں آئی تو سب مل کر بھی اس کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے، اقتدار میں آنے کے لیے مجھے امریکی سہارے کی ضرورت نہیں، اس سہارے کی بجائے اقتدار سے باہر رہنے کو ترجیح دونگا، ٹورنٹو ائیر پورٹ پر امریکیوں نے مجھے روک کر پاکستان کی توہین کی تھی، پارٹی میں انتخابات ہر حال میں ہونگے، ملتوی نہیں ہونگے، 4 نومبر کو یوتھ پالیسی کا اعلان کریں گے۔ بلوچستان کے حوالے سے ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی میڈیا سیل میں کی جانے والی پریس کانفرنس میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں انتخابات ہر حال میں ہونگے۔ اس حوالے سے 5 نومبر کو حامد خان باقاعدہ انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرینگے، پارٹی انتخابات ایک مشکل ترین مرحلہ ہے، مگر ان کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ 

اصغر خان کیس کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان نے مطالبہ کیا حکومت فی الفور اس کی انکوائری مکمل کر کے مراعات لینے والے سیاستدانوں کو بے نقاب کرے اور آئی ایس آئی نے جس جماعت کو سپورٹ کیا اس کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔ بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں نہ کوئی قانون ہے نہ کوئی حکومت ہے، ہم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑے ہیں، وہاں پر جلد از جلد انتخابات کروائے جائیں تاکہ جمہوری حکومت قائم ہو اور آئین اور قانون کی حکمرانی قائم ہو۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے ٹورنٹو ائیر پورٹ پر روکا گیا تو سیاسی جماعت کے لیڈر ہونے کے ناطے میرے بارے میں کسی حکمران یا لیڈر نے کوئی بیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف میدان میں نکلی تو ہمیں اقتدار میں آنے میں کوئی نہیں روک سکتا۔ اگر مجھے اقتدار کے لیے امریکیوں کے کندھے کی ضرورت پڑی تو ہم اقتدار کی بجائے باہر بیٹھنے کو ترجیح دینگے۔ بعد ازاں عمران خان سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈاکٹر حامد بٹ اور ڈاکٹر ناصر کی قیادت میں ملاقات کی۔
خبر کا کوڈ : 209089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش